غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 15 فلسطینی جاں بحق

غزہ کی پٹی میں سلسلہ وار اسرائیلی حملوں میں اسلامی جہاد گروپ کے تین رہنما اور دیگر 12 افراد جاں بحق ہوگئے، دونوں فریقین کی جانب سے کشیدگی میں اضافہ جاری ہے۔ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطا بق اسلامی جہاد نے فجر سے قبل 40 اسرائیلی طیاروں کے حملے میں ہونے والی اموات کا ’بدلہ‘ لینے کا عزم ظاہر کیا۔ادھر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ’اپنے دشمنوں‘ کو خبردار کیا کہ وہ ’ہمارے ساتھ الجھیں نہیں‘۔گنجان آباد ساحلی پٹی میں اسرائیل کا پہلا فضائی حملہ رات 2 بجے ہوا جس کے بعد 2 گھنٹے تک اہداف کو نشانہ بنایا جاتا رہا۔غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے بھی شامل ہیں اور 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔حملوں کے نتیجے میں کچھ عمارتوں کو آگ لگ گئی اور دیگر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے اسلامی جہاد کے تین رہنماؤں اور ساتھ ہی اس کے ’ہتھیار بنانے والے مقامات‘ کو بھی نشانہ بنایا۔فوج کے ترجمان ڈینیل ہیگاری نے بےگناہ لوگوں کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا لیکن کہا کہ اس سے بچنا مشکل ہے کیونکہ ’ہم دہشت گردوں کے خلاف کام کر رہے ہیں جو رات دن شہریوں کے درمیان رہ کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں‘۔