دو نجی سیکورٹی گاڑیوں کی سروس ختم کرنے اور ان کی جگہ نئے اہلکار وں کی تعینانی کی حکم
سرینگر / این این بی // ضلع اسپتال کولگام میں لفٹ کے اندر خاتون کے درماندہ ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد چیف میڈیکل آفیسر کولگام نے ڈیوٹی میں غفلت اور کوتاہی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے نجی سکیورٹی ایجنسی کو دو سکیورٹی گارڈس کی خدمات فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) نمائندے پرویز وانی نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع اسپتال کولگام میں خاتون کے لفٹ میں پھنس جانے کے واقعے کے بعد چیف میڈیکل آفیسر کولگام نے سیکورٹی ڈیوٹی میں مبینہ غفلت اور ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کوتاہی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے نجی سکیورٹی ایجنسی کو دو سکیورٹی گارڈس کی خدمات فوری طور پر ختم کرنے اور ان کی جگہ نئے اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔چیف میڈیکل آفیسر کولگام کے دفتر کی جانب سے بلیک کیٹ پرائیویٹ ایجنسی، جموں و کشمیر کے منیجر کے نام جاری ایک خط میں کہا گیا ہے کہ ضلع اسپتال کولگام میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک خاتون اسپتال کی عمارت میں نصب لفٹ کے اندر پھنس گئی تھی۔خط کے مطابق مذکورہ واقعے نے اسپتال میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں کی چوکسی، بروقت ردعمل اور تفویض کردہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا کیے ہیں۔چیف میڈیکل آفیسر کے مطابق اسپتال میں تعینات دو سکیورٹی گارڈس سہیل احمد اور ش اور اعجاز احمد ملک کی کارکردگی اور طرز عمل کو سنجیدہ تشویش کا باعث قرار دیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دونوں اہلکار مبینہ طور پر صورتحال کا مناسب انداز میں جواب دینے اور ہنگامی نوعیت کے واقعے سے نمٹنے میں ناکام رہے، حالانکہ اسپتال میں ان کی ذمہ داری چوکس رہنا اور ضرورت پڑنے پر فوری مدد فراہم کرنا تھی۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی حساس طبی ادارے میں اس نوعیت کی غفلت کو معمولی نہیں سمجھا جاسکتا، کیونکہ اسپتال میں زیر علاج مریضوں، ان کے تیمارداروں اور طبی عملے کی حفاظت اور سکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔چیف میڈیکل آفیسر کولگام نے سکیورٹی ایجنسی کو ہدایت دی ہے کہ مذکورہ دونوں سیکورٹی گارڈس کی ضلع اسپتال کولگام میں موجودہ تعیناتی اور خدمات فوری طور سے ختم کی جائیں اور ان کی جگہ موزوں متبادل سیکورٹی اہلکار بلا تاخیر تعینات کیے جائیں۔ساتھ ہی سکیورٹی ایجنسی کو ہدایت دی گئی ہے کہ نئے تعینات کیے جانے والے اہلکاروں کو ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں مناسب طور پر بریف کیا جائے، بالخصوص ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل، مریضوں اور تیمارداروں کی مدد اور ہر وقت چوکس رہنے کی اہمیت سے انہیں آگاہ کیا جائے۔چیف میڈیکل آفیسر نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے کسی بھی قسم کی غفلت، لاپروائی یا ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کوتاہی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور معاہدے کی شرائط و ضوابط کے تحت متعلقہ سکیورٹی ایجنسی کے خلاف مناسب کارروائی کی جاسکتی ہے۔خط میں واضح کیا گیا ہے کہ اسپتال جیسے حساس ادارے میں تعینات سکیورٹی عملے سے ہر وقت مستعد رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی توقع کی جاتی ہے، تاکہ مریضوں، تیمارداروں اور اسپتال عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔










