کے ٹی اے کا بار بار بجلی کی طویل بندش پر اظہار تشویش

کے ٹی اے کا بار بار بجلی کی طویل بندش پر اظہار تشویش

مرمتی کام کاروباری اوقات کے بعد انجام دینے کا مطالبہ

سرینگر / این این بی // وادی میں کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے بار بار اور طویل دورانیے کی بجلی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر ٹریڈ الائنس نے کہا ہے کہ پورے دن بجلی کی عدم دستیابی سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونے کے ساتھ تاجروں کو مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کو ارسال اپنے ایک بیان میںکشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے کہا کہ مرمت اور دیکھ بھال کے نام پر سال بھر بجلی کی طویل بندش ایک معمول بنتی جا رہی ہے، جس کا براہِ راست اثر تجارتی اداروں اور دکانداروں پر پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں صورتحال مزید مشکل ہو جاتی ہے، کیونکہ کاروباری ادارے ہیٹنگ، روشنی، مشینری، ریفریجریشن اور دیگر ضروری سرگرمیوں کے لیے بجلی پر انحصار کرتے ہیں۔شہدار نے کہا کہ پورے کاروباری دن بجلی کی بندش سے متاثرہ علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں تقریباً ٹھپ ہو جاتی ہیں، جبکہ تاجروں کو دکانوں کے کرایے، ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی ادائیگی ہر صورت کرنا پڑتی ہے۔ ان کے مطابق بجلی کی بار بار بندش سے فروخت، گاہکوں کی آمدورفت اور روزمرہ کاروباری امور متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے نظام کی مرمت اور بہتری ضروری ہے، تاہم بار بار طویل شٹ ڈاو ¿ن اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ مرمتی کاموں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے انہوں نے مشورہ دیا کہ پورے علاقوں کی بجلی طویل وقت کے لیے بند کرنے کے بجائے مرحلہ وار مرمت اور محدود علاقوں میں کام کرنے جیسے متبادل طریقے اختیار کیے جائیں۔کے ٹی اے صدر نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور وزیر بجلی حاجی علی محمد ساگر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا ذاتی نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دیں کہ بجلی کی طے شدہ بندش کاروباری اوقات کے دوران نہ کی جائے اور جہاں تکنیکی طور پر ممکن ہو مرمتی کام کاروباری اوقات کے بعد انجام دیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ورکشاپس، ریستورانوں اور بجلی پر انحصار کرنے والے دیگر کاروباری اداروں کو طویل بجلی بندش کے باعث ہونے والے معاشی نقصان کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔شہدار نے مطالبہ کیا کہ کے پی ڈی سی ایل بجلی کی بندش سے متعلق پیشگی اطلاع میں متاثرہ علاقوں، مرمتی کام کی نوعیت اور بجلی بحال ہونے کے متوقع وقت کی واضح تفصیلات فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت میں بار بار توسیع اور مناسب اطلاع نہ ملنے سے تاجروں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے بجلی کی تقسیم کے نظام کو مضبوط بنانے، پرانے آلات کی بروقت تبدیلی، استعداد میں اضافے اور بنیادی ڈھانچے کی منظم بہتری پر بھی زور دیا تاکہ بار بار طویل بجلی بندش کی ضرورت کم کی جا سکے۔