شہید جموںوکشمیر پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کی
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے لوک بھون میں دچھن کشتواڑ کے علاقے کیار سے آئے عوامی وفد سے ملاقات کی۔اُنہوںنے جموں و کشمیر پولیس کے بہادر جوانوں رشپال کمار اور بابی چند کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ شہدأکے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وفد کی قیادت کشتواڑ سے ممبر قانون ساز اسمبلی شگن پریہار کر رہی تھیں۔ وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو کیار اور دچھن کشتواڑ کے دیگر علاقوں میں موجودہ سکیورٹی صورتحال سے متعلق اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے دچھن کے دور دراز اور حساس علاقوں میں رہائش پذیر باشندوں کے خدشات کو بھی اُجاگر کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے سپیشل پولیس افسران (ایس پی اوز) کے لواحقین کو معاوضہ، سرکاری ملازمت اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جنہوں نے فرائض کی انجام دہی میں اَپنی جانیں قربان کیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کیار کی مقامی ترجیحات پر بات کرتے ہوئے علاقے میں موبائل ٹاور نصب کرنے کی یقین دہانی کی اورکیار روڈکے لئے متعلقہ حکام سے فارسٹ کلیئرنس حاصل کرنے کی کوشش کرنے کا وعدہ کیا۔اُنہوں نے سپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کی پکٹ کے قیام کے بارے میں کہا کہ اس معاملے پر جمعہ کو ضلع ترقیاتی کمشنروں اور سینئر سپراِنٹنڈنٹس آف پولیس کے ساتھ طے شدہ جائزہ میٹنگ میں بات کی جائے گی۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا،’’مقامی باشندوں کی حفاظت اور بہبود کے لئے کیاراور ملحقہ دُور دراز علاقوں میں سکیورٹی گرڈ کے ساتھ ساتھ سڑک اور مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے گا۔‘‘اُنہوںنے وفد کو یقین دِلایا کہ ملاقات کے دوران اُٹھائے گئے دیگر تمام مطالبات اور شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وفد میںکیار کے باشندوں میں سوریش کمار، پردیپ کمار، رام لال ٹھاکر، روشن لال ٹھاکر، ستیش کمار پریہار، روہت پریہار شامل تھے۔ان کے ہمراہ بی جے پی کشتواڑ کے ضلعی صدررَوی پریہار(لوپارادچھن سے)،بی جے پی ضلع نائب صدر کشتواڑ آشیش شرما( بیربھاٹا سے)،سوئید دچھن سے لوکیش پریہار اور جموں و کشمیر بی جے پی مہیلا مورچہ کی جنرل سیکرٹری اروشی گپتا تھیں۔










