اوپنر شبھمن گل (34 گیندوں، 56 رنز) کی قیادت میں شاندار بلے بازی کے بعد گجرات ٹائٹنز نے نور احمد (37/3) اور راشد خان (27/2) کی کفایتی گیندبازی کی بدولت یک طرفہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں ممبئی انڈینز کو 55 رنز سے کراری شکست دی۔ گجرات نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورز میں 207 رنز بنائے جو کہ آئی پی ایل میں ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ جواب میں ممبئی کی ٹیم صرف 152 رنز تک ہی پہنچ سکی۔
گِل نے 34 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز بنائے اور گجرات کو اپنے سب سے بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔ درمیانی اوورز میں گجرات کی رفتار بھلے ہی سست پڑ گئی ہو، لیکن ڈیوڈ ملر (22 گیندوں، 46 رنز)، ابھینو منوہر (21 گیندوں، 42رنز) اور راہل تیوتیا (5 گیندوں، 20رنز) نے میزبان ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔ اس ہدف کے تعاقب میں ممبئی نے صرف 59 رنز پر پانچ وکٹ گنوا دیے۔ سوریہ کمار یادو (12 گیندوں، 23 رنز) اور نہال ودھیرا (21 گیندوں، 40 رنز) نے اختتام کی طرف جدوجہد کے کچھ آثار دکھائے، لیکن وہ صرف شکست کے مارجن کو کم کر سکے۔ اس جیت کے بعد گجرات 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر چلا گیا، جب کہ ممبئی چھ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ ٹاس جیتنے کے بعد بولنگ کرتے ہوئے ممبئی نے اوپنر ردھیمان ساہا کو جلد ہی آؤٹ کردیا، لیکن گل پاور پلے سے ہی گیند بازوں پر برس پڑے۔ انہوں نے کیمرون گرین کو چھٹے اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا جب گجرات نے پاور پلے میں 50 رنز جوڑے۔ پاور پلے کے فوراً بعد پیوش چاولہ نے ہاردک پانڈیا کی وکٹ حاصل کی۔ گجرات کے بلے باز اسپنرز کے خلاف اپنی جارحیت برقرار نہ رکھ سکے جس کی وجہ سے ان کا رن ریٹ سست ہوگیا۔ وجے شنکر نے 10ویں اوور میں کمار کارتیکیا کی گیند پر چوکا اور ایک چھکا لگایا، حالانکہ وہ اپنی 16 گیندوں کی اننگز میں صرف 19 رنز ہی بنا سکے۔ 16گیندوں پر 31رنز بنانے والے گل نے 33گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 34 ویں گیند پر لانگ آن کیچ کر کے پویلین لوٹ گئے۔ممبئی کے اسپنرز درمیانی اوورز میں رنز بنانے میں کامیاب رہے لیکن گجرات کے مڈل آرڈر نے آخری اوورز میں رنز بنائے۔ ملر نے 14ویں اوور میں کارتیکیا کی گیند پر چھکا لگا کر آتش بازی کا آغاز کیا، جبکہ منوہر نے اگلے اوور میں پیوش کی گیند پر دو چوکے اور ایک چھکا لگا کر 17 رنز جوڑے۔ منوہر ملر نے پانچویں وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت داری کی جس میں منوہر نے 21 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔ منوہر کی وکٹ گرنے کے بعد ملر اور راہل تیوتیا نے آخری 11 گیندوں میں 35 رنز جوڑے۔ ملر 22 گیندوں پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ تیوتیا صرف پانچ گیندوں پر 20رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ گجرات نے ممبئی کی خراب گیند بازی کا بھرپور فائدہ اٹھایا، آخری پانچ اووروں میں 94 رنز بنا کر 207/6 کا بڑا اسکور کیا۔ ریلی میریڈیتھ چار اوور میں ایک وکٹ پر 49 رنز کے ساتھ ممبئی کے سب سے مہنگے گیند باز رہے۔ پیوش نے چار اووروں میں 34 رن دے کر دو وکٹ لئے جبکہ کارتیکیا، ارجن تنڈولکر اور جیسن بہرنڈورف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے اتری ممبئی شروع سے ہی شکستہ نظر آرہی تھی۔ کپتان روہت شرما آٹھ گیندوں پر دو رنز بنانے کے بعد پانڈیا کا شکار بنے جبکہ ایشان کشن 21 گیندوں پر صرف 13 رنز ہی بنا سکے۔










