masjid nabvi

ماہ ِرمضان المبارک کا پہلا عشرہ

مسجد نبوی ﷺ میں ایک کروڑ زائرین کی آمد

سری نگر// رمضان کے مبارک مہینے میں مسجد نبوی ﷺ آنے والیزائرین کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق سعودی عرب کی سرکاری نیوزایجنسی نے رپورٹ کیاہے کہ رمضان کے پہلے عشرے میں ایک کروڑ سے زائد زائرین نے مسجد نبوی ﷺمیں عبادات کیں۔زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات پہنچانے کیلئے سینکڑوں رضا کار دن رات اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔کورونا کی عالمی وبا کے باعث گزشتہ 2 برس سے زائرین عمرہ کی تعداد کو محدود کردیا گیا تھا تاہم رواں سال کورونا کے باعث عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد سیکڑوں کی تعداد میں دنیا بھر سے زائرین ارض مقدس پہنچ رہے ہیں۔ادھر میڈیارپورٹس کے مطابق مسجد نبوی ﷺمیں نمازیوں کیلئے اعلیٰ معیار کے قالین بچھائے گئے ہیں جن میں الیکٹرانک چپ لگی ہوئی ہیں جس میں قالین کی تیاری، اس کا مقام، دھونے کے اوقات اور انفرادی شناخت کی معلومات موجود ہوتی ہیں۔ العربیہ نیوز کے مطابق مسجد نبوی ﷺکی 25 ہزار قالین ’’ آر ایف آئی ڈی‘‘ سسٹم سے منسلک ہیں جسے ایک مربوط نظام کے تحت استعمال کیا جاتا ہے۔ چپ میں سارا ڈیٹا حتیٰ کہ قالین کے دھونے کے اوقات بھی محفوظ ہوتے ہیں۔یہ خودکار نظام بتاتا ہے کہ کسی قالین کو کب دھونے کی ضرورت ہے اور چوں کی چپ میں قالین کے تیاری کے مقام اور اجزا کا بھی ریکارڈ محفوظ ہے ،اس لئے اسے دھونا بھی آسان ہوجاتا ہے۔مسجد نبوی ﷺکے صحنوں میں بچھے ان خصوصی قالینوں کی موٹائی 16 ملی میٹر ہے۔ انسانی کثافت کی مضبوطی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اس قالین میں کپڑے کا استعمال کیا گیا۔جس کیلئے خالص ایکریلک یارن 4000 گرام فی مربع میٹر لگایا گیا ہے۔ یارن کے ڈھیر کی اونچائی 14 ملی میٹر ہے اور قالین کے فی مربع میٹر میں 575 ہزار ناٹ یا گرہیں ہیں۔اس قالین میں عرض سمت میں دھاگوں کی تعداد کا تخمینہ فی 10 سینٹی میٹر 115 دھاگوں کا لگایا گیا ہے۔ اور لمبائی میں دھاگوں کی تعداد کا تخمینہ فی10 سینٹی میٹر 52.5 ہے۔