متعدد وفود نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی

جموں//لاٹی اودھمپور کے مقامی باشندوں کے ایک وفد نے آج راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ سرپنچ کستوری لال گپتا کی قیادت میں وفد نے کیندریہ ودھیالیہ اسکول کے قیام، سیاحت کے فروغ ، تعلیمی ، کھیل اور صحت کی سہولیات وغیرہ میں اضافہ سے متعلق علاقے کے مختلف مسائل کو پیش کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے وفد کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو ہمدردانہ بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ وومن کلب میری پہچان کی چئیر پرسن محترمہ سندھیا گپتا نے لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور انہیں سیاحت ، ڈوگرہ کلچر اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تنظیم کے آنے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔ بعد ازاں جموں و کشمیر کے سابق رانجی کھلاڑی راجیش گل نے بھی لفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی ۔ مسٹر گل کو چھ مارچ سے جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں انڈین ویٹرنز کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے تجربہ کار کرکٹر کی آئیندہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں کامیابی کی خواہش کی ۔