سوربھ بھگت نے جموں میں میگا سولر ایکسپو کا اِفتتا ح کیا

کہا، لوگوں کو روف ٹاپ سولر پاور پلانٹس کے فوائد کے بار ے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرور ت ہے

جموں//کمشنر سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سوربھ بھگت نے ریل ہیڈ باہو پلازہ میں ایک ہفتہ طویل میگا سولر ایکسپو کا اِفتتاح کیا۔جے اینڈ کے اَنرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی ( جے اے کے اِی ڈی اے)نے آر اِی اِنڈسٹری کے متعدد دکانداروں اور جموں وکشمیر یوٹی کے دیگر لائن محکموں کے اشتراک سے 24؍ فروری سے 2؍مارچ2023ء تک سا ت روزہ طویل ایکسپو کا اِنعقاد کیاہے۔اِس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری نے مختلف دکانداروں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا اور ان کے شمسی آلات اور خدمات کے بارے میں اِستفساری گفتگو کیا۔اُنہوں نے جے اے کے اِی ڈی اے کو مشورہ دیا کہ وہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محکمہ کی طرف سے قائم کئے جانے والے سائنس سینٹروںمیں نمائش کے لئے اِس طرح کے آلات حاصل کریں۔اِس موقعہ پرسوربھ بھگت نے خطاب کرتے ہوئے ایکسپو کے اِنعقاد کے لئے جے اے کے اِی ڈی اے کی سراہنا کی اور منتظمین اور دکانداروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو روف ٹاپ سولر پاور پلانٹس کے فوائد کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اُنہوں نے کہا کہ ایکسپو لوگوں کے ساتھ روف ٹاپ سولر پاور پلانٹس کے فوائد کا اِشتراک کرے گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت دکاندارں اور لوگوں کو ہرطرح کی مدد فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے اور لوگوں سے کہاکہ وہ سکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اِستفادہ کریں۔اُنہوں نے جے اے کے اِی ڈی اے سے کہا کہ وہ جموں شہر کے دیگر علاقوں میں اِس طرح کے مزید بیداری کیمپوں اور ایکسپو کا اِنعقاد کرے تاکہ لوگوں کو روف ٹاپ سولر پاور پلانٹ اور اس کے فائنانسنگ پیٹرن اور سکیم کے بارے میں معلوم ہو۔اِس موقعہ پر وائس چیئرمین جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی ( جے ڈی اے ) پنکج منگوترا ، سی اِی او جکیڈا ڈاکٹر پی آر دھر، محکمہ باغبانی ، محکمہ زراعت کے اَفسران ، جموں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( جے پی ڈی سی ایل)کے اِنجینئروں اور دیگر معززین موجود تھے ۔ اِس سے قبل چیف ایگزیکٹیو آفیسر جکیڈا ڈاکٹر پی آر دھر نے سکیم کے فوائد کے بارے میں بتایا۔ اُنہوں نے بتایا کہ جموں شہر کو جموںوکشمیر میں سولر سٹی قرار دیا گیا ہے اور جموں میں ’’ سولر سٹی مشن‘‘ کے تحت 200 میگاواٹ کی تنصیب کی صلاحیت سے روف ٹاپ سولر پاور پاور پلانٹس لگائے جائیں گے ۔مرکزی حکومت کی مرحلہ دوم روف ٹاپ سولر سکیم کے تحت پورے یوٹی میں سبسڈی والے نرخوں پر روٖ ٹاپ سولر پاور پلانٹس لگا سکتے ہیں۔