jammu kashmir

اِی ۔سروسز پر کوئز : آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ آن لائن اقدام میں شہریوں کی شرکت چاہتا ہے

جموں//شراکتی حکمرانی کو فروغ دینے کے لئے عام لوگوں کو بڑے پیمانے پر شامل کیا جا رہا ہے ، حکومت جموںوکشمیر یوٹی کے شہریوں کیلئے اِی ۔ سروسز پر ایک آن لائن کوئز کا اِنعقاد کر رہی ہے ۔ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی ) ڈیپارٹمنٹ نے تمام شہریوں کو جموں و کشمیر میں ای ۔ سروسز کے بارے میں فعال طور پر حصہ لینے اور جاننے کی تلقین کی ہے ۔ آن لائن کوئز کا اِنعقاد کیا جارہاہے جس کامقصد شہریوں کی ذہانت کو بہتر بنانا اور اِی ۔ سروسز میں ان کی مہارتوں کو نکھارنا ہے تا کہ شہریوں کو اِی ۔سروسز کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے اور جموں و کشمیر میں ای۔ سروسز کی فراہمی کے مختلف پروگراموں کے بارے میں بیداری میں اِضافہ کیا جا سکے ۔ کوئز مختلف قومی ای ۔گورنمنٹ اقدامات اور ان کے فوائد سے متعلق سوالات کا احاطہ کرے گا ۔ یاد رہے کہ جموںوکشمیر یو ٹی حکومت نے 30؍ مارچ 2022 ء کو جموں و کشمیر میں’’ مائی گو‘‘ کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد مختلف خدمات اور سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے خیالات اور مشورے فراہم کرنے سے حکمرانی میں لوگوں کی فعال شرکت کو حاصل کرنا تھا ۔ ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ اِستعمال عوامی خدمات کی فراہمی اور شہریوں کی شمولیت میں مزید انقلاب لائے گا ۔ ’’ مائی گو‘‘ پلیٹ فارم تبدیلی کیلئے ایک کلیدی ایجنٹ ہے جسے شہریوں سے معلومات حاصل کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصدبہتر حکمرانی میں شہریوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے اور ان کے خیالات ، تجاویز اور نچلی سطح پر تعاون حاصل کرنا ہے ۔ اسی طرح اس اقدام کا مقصد ’’ مائی گو‘‘ پلیٹ فارم کو حکومتی سطح پر پالیسی اور فیصلہ سازی کا کلیدی حصہ بنانا ہے ۔