ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے باسکوچن میں بلاک دیوس کا اِنعقاد کیا

شوپیان// ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کما رواشیا نے اِمام صاحب بلاک میں باسکوچن پنچایت میں ایک میگا بلاک دیوس کا اِنعقاد کیا۔متعلقہ علاقے کے لوگوں نے بلاک دیوس کے دوران پینے کے پانی کی دستیابی ، بجلی ، سڑک رابطے ، کھیل میدانوں کی ترقی ، جی ایم ایس باسکو چن کی اَپ گریڈیش اور دیگر دیہی ترقیاتی کاموں سے متعلق مختلف ترقیاتی مسائل کو اُجاگر کیا۔لوگوں نے واٹر سپلائی سکیم ہاپڈی پورہ او رنوپورہ کے جلد کام کرنے اور اور نیو کالونی باسکوچن امام صاحب کو بجلی کی بہتر فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام عوامی مسائل او رمطالبات سنے اور متعلقہ اَفسران کو مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ فوری نوعیت کے چند مسائل کاموقعہ پر ہی اَزالہ کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے جل جیون مشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہم مشن کے تحت ضلع کے ہر گھر میں پینے کے نلکے کے پانی کی سہولیت مقررہ وقت میں فراہم کی جائے گی اور متعلقہ اَفراد کو ہدایت دی کہ اِس مشن کے فوائد کو حاصل کرنے کے لئے سرگرمیاں تیز کریں۔ اُنہوں نے جل جیون مشن ( جے جے ایم ) کی عمل آوری میں مؤثر عوامی شرکت کی خواہش کی۔اُنہوں نے پی ڈی سی ایل کو نیو کالونی باسکوچن اِمام صاحب شوپیان کو بجلی کی بہتر فراہمی کی بھی ہدایت دی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ابھیان میں عوام کی شرکت کی کوشش کرتے ہوئے نشامُکت شوپیان کو حقیقت بنانے کے لئے مشترکہ اور انتھک کوششوں کی ضرورت ہے ۔اُنہوں نے تمام کمزور گروہوں پر کڑی نظر رکھنے اور منشیات کے خلاف مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے منریگا کے کاموں کے مناسب عمل آوری اور یوٹی کیپکس کے کاموں کو بروقت اَنجام دینے پر توجہ مرکوز کی تاکہ عام لوگوں کو جلد فائدہ پہنچایا جاسکے۔اِس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ خورشید احمد کھٹانہ ، تحصیل دار ، چتر گام ، بی ڈی او ، چتر گام ، پی آر آئی ،ایگزیکٹیو اِنجینئران اور دیگر ضلعی اَفسران اور دیگر متعلقین موجود تھے۔بلاک دیوس پروگرام میں عام لوگوں اور نوجوانوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔