نئی دہلی:شام میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے طور پر تعینات ہندوستانی فوج کا 40رکنی دستہ شام کے زلزلہ زدہ حلب میں امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن نے یہ اطلاع دی۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن نے ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ “ہندوستان آپریشن دوست کے ذریعے ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کر رہا ہے اور امدادی اقدامات اور لاجسٹک مدد فراہم کر رہا ہے۔”اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن نے کہا کہ “ہمارا 40رکنی ہندوستانی فوج کا دستہ جو شام میں یو این ڈی او ایف مشن میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے طور پر تعینات ہے، حلب میں آنے والے زلزلے کے بعد زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کو بہت ضروری امداد فراہم کر رہا ہے۔”ہندوستان نے شام میں امدادی سرگرمیوں کے لیے 23ٹن سے زیادہ امدادی سامان بھی بھیجا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے شام کو بھیجی گئی امداد میں سلیپنگ میٹ، جینسیٹ، سولر لیمپ، ترپال، کمبل، ہنگامی اور اہم نگہداشت کی ادویات اور آفات سے متعلق امدادی سامان شامل ہیں۔










