مختلف کمپنیوں ، صنعتی ایسو سی ایشنوں اورروزگار کے متلاشیوں کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال
جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے کنونشن سینٹر میں محنت و روزگار محکمہ کے زیر اہتمام میگا جاب فیئر ۔2023ء کا اِفتتاح کیا۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے میلے کا اِفتتاح کرنے کے بعد آجروں کے سٹالوں کا معائینہ کیا اور ان کے ساتھ ان کے متعلقہ یونٹوں اور کمپنیوں کی سکل کی ضرورت کے بارے میں تفصیلی استفساری گفتگو کی۔اُنہوں نے انہیں یقین دِلایا کہ تمام تکنیکی اِداروں میں نصاب کو سکل گیپ کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور این اِی پی ۔2020 کے تحت موجودہ اور مستقبل میں روزگار کے اقدامات سے ہنرمندی کے ایکو سسٹم کو اَز سر بنایا جائے گا کیوں کہ اس میں سکول اور کالج جانے والے طلباء بھی شامل ہیں۔اِس موقعہ پر مشیر موصوف نے مختلف روزگار کے متلاشیوں سے بھی بات چیت کی اور انہیں روزگار کے حصول اور انہیں خود روزگار کے قابل بنانے کے لئے ہرممکن تعاون کا یقین دِلایا۔ اُنہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اِس میلے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں تاکہ وہ اَپنی مہارت کے مطابق روزگار حاصل کرسکیں۔بعد میں مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے مختلف کمپنیوں اور صنعتی اَنجمنوں کی نمائندگی کرنے والے روزگار فراہم کرنے والوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دوران تبادلہ خیال مشیر موصوف نے اِ س بات پر روشنی ڈالی کہ یہ جاب فیئر آجروں اور روزگار کے متلاشیوں کے لئے ایک میگا پلیٹ فارم ہے کیوں کہ یہ ان دونوں کو ان کی ضروریات کے مطابق راہیں فراہم کرے گا اور انہیں آمنے سامنے لائے گا ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ میلہ بھی ایک پلیٹ فارم ہے ۔نوجوانوں کی صلاحیت کا پتہ لگانا اور اس صلاحیت کو ان کے مستقبل کے اِمکانات کے لئے کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ صنعتی پالیسی کے مطابق جموںوکشمیر یوٹی میں بالخصوص بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبے میں بہت زیادہ سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے جوکہ جموںوکشمیر یوٹی کو ’’ مواقع کی سرزمین‘‘اور ’’ ملک کا سن رائز ریجن‘ بنائے گا۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو اس قسم کے جاب میلوں میں شرکت کرکے اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے جموں وکشمیر میں ہنر مندی کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے جموںوکشمیر حکومت کی مختلف اقدامات کا ذِکر کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر سکل ایکو سسٹم کو اَپ گریڈ کیا گیا ہے اور این اِی پی ۔2020 کے مطابق بہت سے جدید کورسز طلباء کے لئے دستیاب کئے جارہے ہیں ۔ اُنہوں نے آجروں کو مشورہ دیاکہ وہ اَپنی صنعتی ضروریات کے مطابق کسی بھی کورس میں کسی بھی قسم کی اَپ گریڈیشن کا مشورہ دیں ۔مشیر موصوف نے شرکأ کی تجاویز کو تسلیم کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ طلباء کو اَپنی اَپنی کمپنیوں میں اِنٹرن شپ اور اپرنٹس شپ پروگراموں کے لئے لے جائیں تاکہ وہ جاب کی تربیت اور تجربہ حاصل کریں اور ان میں جاب کے لئے دِلچسپی بھی پیدا ہو۔مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے مزید کہا کہ موجودہ ایل جی کی زیر قیادت اِنتظامیہ جموںوکشمیر میں سیلف ایمپلائمنٹ کے لئے بھی زور دے رہی ہے کیوں کہ حکومت نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے مختلف شعبوں بہت سی سکیمیں شروع کی ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ نے بیک ٹو وِلیج اور مائی ٹائون مائی پرائیڈ پروگرام کے تحت تمام اَضلا ع سے تقریباً80,000 نوجوانوں کی نشاندہی کی ہے جو مختلف شعبوں میں ہنر مند ہوں گے۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر گزشتہ چند برسں میں تیز رفتار ترقی سے عروج پر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میںمہمان نوازی اور سیاحتی شعبے میں بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آرہی ہے جو حکومت کے ویژن اور عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔اُنہوں نے جموں وکشمیر کو دُنیا بھر کے بہترین مقامات میں سے ایک بنانے کے لئے تمام شراکت داروں کو مشورہ دیا کہ وہ مطالبات کے مطابق اَپنی اَفرادی قوت کو اَپ گریڈ کریں تاکہ جموںوکشمیر میں عالمی معیار کی مہمان نوازی کی صنعت قائم ہو۔ مشیر موصوف نے دیگر مسائل پر غور وخوض کرتے ہوئے تمام شراکت داروں کو مشورہ دیا کہ وہ اَپنی کمپنیوں میں سکل کی ضروریات کے بارے میں اَپنی متعلقہ صنعتوں کی ایک تفصیلی رِپورٹ پیش کریں تاکہ محکمہ اِس قسم کی سکلوں کو نصاب میں شامل کرسکے۔کمشنر سیکرٹری محنت و روزگار محکمہ سریتا چوہان نے بات چیت کے دوران بات کرتے ہوئے محکمہ کی سرگرمیوں اور یوٹی بھر میں اس قسم کی تقریبات کے اِنعقاد کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کاواحد مقصد روزگار کے متلاشیوں اور آجروں کے درمیان خلیج کو ختم کرنا ہے۔ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ جموں وکشمیر نثار احمد وانی نے شکریہ کہ تحریک پیش کرتے ہوئے تمام شرکأ خصوصاً آجروں اور مختلف صنعتی ایسو سی ایشنوں کے نمائندوں کا اس میلے کو شاندار بنانے پر شکریہ اَدا کیا۔اِس موقعہ پر لیبر کمشنر جموںوکشمیر عبدالرشید وار ، مختلف کمپنیوں اور انجمنوں جیسے ہوٹلیئر ز ایسو سی ایشن کٹرہ ، ہوٹیلیئر ز ایسو سی ایشن پتنی ٹاپ ، نارائنا ہسپتال کٹرہ ، بمبئی سٹاک ایکسچینج ، اِنڈسٹریل ایسو سی ایشن سانبہ، بڑی براہمنا اِنڈسٹریز ، چناب ٹیکسٹائل مِل جموںوکشمیر ، پیرا میڈیکل کونسل اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔میگا جاب فیئر میں روزگار کے متلاشی اَفراد کی بڑی تعداد میں شرکت دیکھنے میں آئی جس میں زائد اَز 60 مقامی اور قومی سطح کے آجروں نے شرکت کی۔ اِس کے علاوہ متعدد سرکاری محکموں نے بھی اَپنے سٹالز لگائے اور روزگار کے متلاشی اَفراد کو خود روزگار کی مختلف سکیموں کے بارے میں بیداری فراہم کی۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ میگا جاب فیئر میں 4,000 سے زائد اُمید واروں نے شرکت کی اور تقریباً 60 نامور آرگنائزیشنوں اور کمپنیوں نے 1911 کے قریب ملازمتوں کے آغاز کا تخمینہ لگایا اور تقریباً1000 اُمید واروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور کل 200 اُمید واروں کو موقع پر ہی منتخب کیا گیا۔










