جموں//چیئرمین وول اینڈ وولن ایکسپورٹ پروموشن کونسل اور مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل رمیش کھجوریہ نے جموں ہاٹ میں ہندوستانی دستکاری کی ایگزبشن کم سیل کا اِفتتاح کیا۔ایگزبشن کم سیل کا اہتمام رورل آرٹزنز ویلفیئر سوسائٹی نے کیا ہے اور اِس کی سرپرستی ڈیولپمنٹ کمشنر ہینڈی کرافٹ اور مرکزی وزارت ٹیکساٹائل کے دفتر نے کی ہے۔اِس طرح کی تقریبات کے اِنعقاد کا مقصد دستکاروں کو اَپنی مصنوعات کی فروخت اور فروغ کے لئے مارکیٹنگ پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے اور اِس کے علاوہ صارفین کے ساتھ ان کے اِنتخاب او رضروریات کو سمجھنے کے لئے براہِ راست بات چیت کرنا ہے۔اِس ایگزبشن میں ملک کی مختلف ریاستوں سے 50کے قریب کاریگر اَپنی مصنوعات جیسے ٹیرا کوٹا مصنوعات ، قالین ، مٹی کے برن ، زیورات ، کشمیری کڑھائی والی شالیں ، سوٹ ، پھیرن، گفٹ آئٹمز ، گنے کے بانس کی مصنوعات اور مختلف قسم کی دیگر دستکاری مصنوعات کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔رمیش کھجوریا نے ہینڈی کرافٹ کے دستکاروں سے اَپنے خطاب میں اِس طرح کی نمائشوں کے اِنعقاد پر دیہی آرٹزنز ویلفیئر سوسائٹی کی تعریف کی ۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکزی وزارتِ ٹیکسٹائل کے ذریعے کاریگروں او ربُنکروں کے لئے بہت سی فلاحی سکیمیں عملائی جارہی ہیں اور متعلقہ ایجنسیوں کو زمینی سطح پر ان کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے سخت کوشش کرنی چاہئے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ ٹیکسٹائل غریب کاریگروں او ربُنکروں کی بہبود کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے اِس طرح کی زیادہ سے زیادہ نمائش منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کاریگروں کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔ اِس موقعہ پر ڈیولپمنٹ کمشنر ہینڈی کرافٹ کے افسران بھی موجود تھے۔










