سری نگر//فروری2019میں کئے گئے سرجیکل اسٹرائیک کامعاملہ سیاسی گلیاروں میں پھر باعث نزاع بن گیاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق راہول گاندھی کیساتھ بھارت جوڑئو یاترا میں شامل نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ نے بانہال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے جمعہ کو کہاکہ ان کی پارٹی نے کبھی بھی سرجیکل اسٹرائیک پر سوال نہیں اٹھایا۔انہوںنے کہاکہ میرا اس میں کوئی کہنا نہیں ہے، یہ کانگریس کا اندرونی معاملہ ہے۔ عمرعبداللہ نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم نے کبھی سرجیکل اسٹرائیک پر سوال نہیں اٹھایا اور ہم ایسا کبھی نہیں کریں گے۔عمرعبداللہ کا یہ بیان کانگریس لیڈر راشد علوی کے تبصرے کے پس منظر میں آیا ہے جس میں انہوں نے مرکز سے سرجیکل اسٹرائیک کا ویڈیو دکھانے کو کہا تھا۔










