rahul gandhi

لوگوں کی بھیڑ کو سنبھالنے والے پولیس اہلکارکہیں نظر نہیں آئے

سیکورٹی فراہم کرناجموں و کشمیر انتظامیہ کی ذمہ داری:راہول گاندھی

اننت ناگ //کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعہ کو کہا کہ اُنہیں آج کی بھارت جوڑئویاترا منسوخ کرنی پڑی کیونکہ پولیس کے انتظامات بدقسمتی سے اطمینان بخش نہیں تھے۔جے کے این ایس نامہ نگار کے مطابق بھارت جوڑئویاترا کے بانہال سے اننت ناگ پہنچنے کے فوراًبعد کانگریس کے سینئرلیڈر اوررُکن پارلیمان راہول گاندھی نے کھنہ بل میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پولیس اہلکار جو بھیڑ کو سنبھالنے والے تھے وہ کہیں نظر نہیں آئے۔انہوںنے کہاکہ یہ جموں و کشمیر انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت جوڑئویاترا کو سیکورٹی فراہم کر۔رہول گاندھی نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ اب یاترا کے باقی دنوں کیلئے سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔کانگریس لیڈر نے کہاکہ مجھے اپنی بھارت جوڑئویاترا اسلئے آج دن بھرکیلئے ختم کرنی پڑی کیونکہ میں اپنے سیکورٹی والوں کیخلاف نہیں جا سکتا۔ان کی پارٹی کے سینئرلیڈر جیرام رمیش نے مزید کہا کہ راہول گاندھی کی سیکورٹی ٹیم جموں و کشمیر انتظامیہ کیساتھ بات چیت کر رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اگلے چند دنوں تک سب کچھ آسانی سے چلتا رہے۔یادرہے راہول گاندھی، جنہوں نے ستمبر میں کنیا کماری میں اپنی بھارت جوڑو یاترا شروع کی،30 جنوری کو سری نگر میں ایک جلسہ عام کیساتھ اختتام پذیر ہوگی ۔