narindar modi

’پریکشا پہ چرچا‘کا چھٹا ایڈیشن،وزیراعظم کا لاکھوں طلبہ کیساتھ سالانہ مکالمہ

والدین کو سماجی حیثیت کی وجہ سے بچوں پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہئے:نریندرمودی

سری نگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ والدین کو سماجی حیثیت کی وجہ سے بچوں پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہئے، اورساتھ ہی وزیراعظم نے طلباء وطالبات سے کہا کہ وہ اپنے کام پر توجہ مرکوز کریں تاکہ توقعات کے اس بوجھ سے باہر نکل سکیں۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق ’پریکشا پہ چرچا‘ایک سالانہ بات چیت کے چھٹے ایڈیشن ،جس میں وہ طلبہ کے ساتھ کشیدگی اور امتحانات سے متعلق مطالعہ جیسے مسائل کے بارے میں کرتے ہیں، کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے طلباء وطالبات کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ طلبہ کو اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوںنے سالانہ امتحانات میں غیر منصفانہ طرز عمل کے استعمال کیخلاف بھی سخت بات کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ دھوکہ دہی سے کسی کو ایک یا2امتحان میں مدد مل سکتی ہے لیکن طویل مدت میں زندگی میں نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبھی بھی شارٹ کٹ نہ لیں۔وزیراعظم نے کہا کہ طلباء وطالبات کی محنت ہی اُنہیں زندگی میں آگے بڑھنے میں ہمیشہ مدد دیتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو بعض اوقات ان پر ڈالے جانے والے دباؤ کا تجزیہ کرنا چاہیے کہ آیا وہ اپنی طاقت کو کم کر رہے ہیں۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ خاندان کے افراد سے توقعات رکھنا فطری ہے لیکن اگر اُنہیں سماجی طبقے یا حیثیت کے شعور سے جوڑا جائے تو یہ غلط ہے۔وزیراعظم نریندرمودی نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ ایک بلے باز ہجوم کی جانب سے چوکوں اور چھکوں کی آوازوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی طرف پھینکی گئی گیند پر توجہ مرکوز کرتا ہے، طلباء وطالبات کو بھی اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔خیال رہے اس سال ’’پریکشا پہ چرچہ‘‘ میں حصہ لینے کے لئے ریکارڈ 38 لاکھ طلبہ نے رجسٹریشن کرائی۔مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے مطابق، رجسٹریشن کرنے والے طلبہ پچھلے سال کے مقابلے میں کم از کم 15 لاکھ زیادہ ہیں۔