ترقیاتی فوائد سے محروم نہیں رکھا جانا چاہئے: وزیراعظم
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ گلوبل ساوتھ یعنی کم ترقی یافتہ ملکوں کے عوام کو ترقی کے فائدوں سے محروم نہیں رکھا جانا چاہئے۔ وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہا کہ عالمی سیاسی اور مالی نظم ونسق کو دوبارہ ترتیب دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ لاطینی امریکہ‘ افریقہ‘ کیربین‘ بحرالکاہل کے جزائر‘ ایشیاء اور مشرقی وسطیٰ کے کچھ ملک گلوبل ساوتھ کے دائرے میں آتے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات اس سلسلے میں منعقدہ دو روزہ چوٹی میٹنگ کے افتتاحیہ اجلاس سے ورچوئل طور پر خطاب کرتے ہوئے کہی‘ جس کا اہتمام بھارت نے کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلوبل ساوتھ کے مستقبل میں عوام کا بہت بڑا حصہ ہے‘ کیونکہ تین چوتھائی آبادی اِنہیں ملکوں میں آباد ہے اور اْن کے آواز کو بھی اْسی مناسبت سے سنا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیشتر عالمی چیلنج گلوبل ساوتھ نے پیدا نہیں کئے ہیں‘ لیکن وہ اس سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور اس کا ثبوت کووڈ-19 کی وبا‘ آب وہوا میں تبدیلی‘ دہشت گردی اور حتیٰ کہ یوکرین کا تنازع ہے‘ جن کا اِن ملکوں کے عوام پر اثر پڑا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ گلوبل ساوتھ کے دائرے میں آنے والے ملکوں کو اپنے ترقیاتی تجربے سے مطلع کیا ہے اور مختلف شعبوں میں اْن کے ساتھ ترقیاتی ساجھیداری بھی کی ہے۔ مودی نے کہا کہ بھارت کی گروپ-20 کی صدارت کیلئے ہم نے ایک کرہ ارض‘ ایک کْنبہ اور ایک مستقبل کے موضوع کا انتخاب کیا ہے‘ جو ہماری تہذیبی اقدار کے عین مطابق ہے۔










