پنچایت انتخابات2028 کا بائیکاٹ کرنا ایک بہت بڑی غلطی تھی

میں عمر عبداللہ سے کہہ رہا ہوں کہ آپ کو الیکشن لڑنا ہوگا:ڈاکٹرفاروق عبداللہ

سری نگر//نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے پیر کو کہا کہ2018 میں پنچایت انتخابات کا بائیکاٹ کرنا ’’ایک بہت بڑی غلطی‘‘تھی۔انہوںنے کہاکہ پارٹی کو جموں و کشمیر میں آئندہ ہر الیکشن لڑنا چاہیے۔جے کے این ایس کے مطابق ایک اور معیاد کیلئے نیشنل کانفرنس کاصدر منتخب ہونے کے بعدسابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حکومت اور سیکورٹی فورسز کو خبردار کیا کہ وہ کسی بھی انتخابی عمل میں مداخلت نہ کریں۔ڈاکٹرعبداللہ نے پارٹی کے ڈیلیگیٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی کو بتانا چاہتا ہوں کہ پنچایت انتخابات (2018 میں) کا بائیکاٹ کرنا ایک بہت بڑی غلطی تھی۔تاہم انہوںنے کہاکہ یاد رکھیں ہم آئندہ کسی بھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے،اس کے بجائے (ہم) ان کا مقابلہ کریں گے اور جیتیں گے۔ اپنے بیٹے عمر عبداللہ کے اس اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ جب تک جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری رہے گا وہ الیکشن نہیں لڑیں گے، فاروق عبداللہ نے کہاکہ پارٹی صدر کی حیثیت سے میں آپ (عمر عبداللہ) سے کہہ رہا ہوں کہ آپ کو الیکشن لڑنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر ہمیں ان سے لڑنا ہے تو ہم سب کو میدان میں کودنا ہوگا اور الیکشن لڑنا ہوگا۔سابق مرکزی وزیرفاروق عبداللہ نے کہا کہ بی جے پی کچھ بھی کرے گی، یہاں تک کہ آپ کی وفاداریاں خریدنے کی کوشش بھی کرے گی، لیکن خدا ان کے تمام منصوبوں کو ناکام بنائے گا۔فاروق عبداللہ نے سیکورٹی فورسز اور حکومت کو جموں و کشمیر کے انتخابات میں مداخلت نہ کرنے کا بھی انتباہ دیا اور کہا کہ لوگوں کو فیصلہ کرنے دیں کہ کس کو ووٹ دینا ہے۔ڈاکٹر فاروق کے بقول ’ورنہ ایسا طوفان آئے گا جسے تم قابو نہیں کر سکو گے‘۔فاروق عبداللہ نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر ایسا ہوا تو وہ احتجاج کریں گے۔انہوںنے کہاکہ ہم اپنی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہوں گے،اور فاروق عبداللہ اس پر تحریک شروع کرنے والے پہلے شخص ہوں گے۔