پہلگام سے عارضی روک،بال تل سے جاری،ابتک72ہزارنے دی حاضری
سری نگر// سالانہ امرناتھ یاترا2022جاری ہے تاہم چھٹے روزپہلگام روٹ سے یاتراکوخراب موسم ہونے کی وجہ سے عارضی طورپرروک دیاگیاتاہم بال تل بیس کیمپ سے تقریباً2000یاتریوں کومعمول کی طرح روانہ ہونے کی اجازت دی گئی ۔اس دوران بھگوتی نگر جموں یاتری نواس سے منگل کی صبح6300یاتریوں کاایک اورجتھہ کشمیرکی جانب روانہ ہوا۔ادھر شرائن بورڈ کے ذرئع نے بتایاکہ ابتک72ہزاریاتری امرناتھ گھپا پہنچ کر شیو لنگم کادرشن کرچکے ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق چھٹے روز امرناتھ یاترامیں اُسوقت خلل پیداہوئی جب نون ون پہلگام بیس کیمپ سے روانہ ہونے والے تقریباً3ہزار یاتریوں کو راستے میں موسم ناسازگار ہونے کی بناء پرآگے جانے سے روکاگیا۔حکام نے بتایاکہ پیر کورات دیر گئے سے پہلگام کے مضافاتی اوپری علاقوں میں بارشوں کاسلسلہ جاری رہا،اورمنگل کی صبح بھی موسم خراب تھا،جسکے بعدنون ون بیس کیمپ سے یاتریوںکی روانگی کوعارضی طورپرروک دیاگیا۔انہوں نے کہاکہ موسم بہتر ہونے کی صورت میں یہاں روانگی کے منتظر یاتریوںکوجانے کی اجازت دی جائیگی ۔تاہم حکام کے بقول بال تل بیس کیمپ سے یاتریوںکاایک اورجتھہ معمول کے مطابق روانہ ہوا ۔انہوںنے بتایاکہ اس بیس کیمپ سے منگل کی صبح تقریباً2000یاتریوںکوہری جھنڈی دکھاکرروانہ کیاگیا۔اس دوران یہ بھی معلوم ہواکہ جموں سے پہلگام آنے والے تقریباً4ہزار یاتریوںکے ایک ر جتھے کو چندر کوٹ رام بن کے یاتری نواس میں روک دیا گیا۔دریں اثناء بھگوتی نگر جموں یاتری نواس سے منگل کی صبح6300یاتریوں کاایک اورجتھہ کشمیرکی جانب روانہ ہوا۔ذرائع نے بتایاکہ 6351 سے زیادہ امرناتھ یاتریوں کاایک اورجتھہ منگل کو بھگوتی نگر یاتری نواس سے239 گاڑیوں کے قافلے میں سی آر پی ایف کی سخت حفاظت کے درمیان روانہ ہوا۔عہدیداروں نے بتایا کہ کل 6351 یاتری یہاں بھگوتی نگر یاتری نواس سے239 گاڑیوں کے قافلے میں سی آر پی ایف کی سخت حفاظت کے درمیان روانہ ہوئے،جن میں 4864مرد، 1284 خواتین، 56 بچے، 127 سادھو، 19 سادھویاں اور ایک خواجہ سرا شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بال تل بیس کیمپ کی طرف جانے والے 2028 یاتری منگل کو صبح 3 بجکر35منٹ پر88 گاڑیوں میں سب سے پہلے روانہ ہوئے اور اس کے بعد 151 گاڑیوں کا دوسرا قافلہ 4323 یاتریوں کو لے کرنون ون ہلگام بیس کیمپ کے لئے روانہ ہوا۔تاہم یاتریوںکے اس قافلے کوچندرکوٹ رام بن یاتری نواس میںروک دیاگیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ آج تک72ہزار سے زیادہ یاتری امرناتھ گھپا پہنچ کر شیو لنگم کادرشن کرچکے ہیں۔خیال رہے30جون کوشروع ہونے والی سالانہ امرناتھ یاترا43روزتک جاری رہنے کے بعد11، اگست کو رکھشا بندھن کے موقع پر ختم ہونے والی ہے۔










