شری اَمرناتھ جی یاتریوں اور فروٹ اور ویجی ٹیبل تاجروں کیلئے ٹریفک کو بہتر کرنا اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ۔ ایل جی
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج پنتھا چوک میں شری اَمرناتھ جی یاترا ٹرانزٹ کیمپ کا دورہ کیا اور شری اَمرناتھ جی یاتریوں سے بات چیت کی۔اُنہوں نے یاتریوں کو اَپنی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرنے اور یاتریوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اِس موقعہ پرلیفٹیننٹ گورنر نے میڈیا اَفراد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ اِس بات کو یقینی بنارہی ہے کہ تازہ اشیاء کی ٹرانسپورٹیشن میں کسی رُکاوٹ کا سامنا نہ کرناپڑے اور ٹرکوں کو مطلع شدہ وقت کے دوران اِجازت دی جائے۔اُنہوں نے کہاکہ اَفسران اِس بات کو یقینی بنائیں کہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کے اشیا کی ٹرانسپورٹیشن کرنے والے فروٹ گرئوورس ، کسانوں اور ڈیلروں کو قومی شاہراہ پر تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اُنہوں نے کہاکہ یاتریوں اور فروٹ اور ویجی ٹیبل تاجروںکے لئے ٹریفک کو منظم کرنا اِنتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے یاتریوں کی سہولیت کے لئے کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ میں اِس پوتر یاترا کو کامیاب بنانے میں جموںوکشمیر کے لوگوں کے تعاون کی تعریف کرتا ہوں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے مز ید کہاکہ سول سوسائٹی ، رضاکاروں اور مقامی لوگوں کی بے لوث خدمات نے یاتریوں کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہماری کوششوں میں بہت بڑا رول ہے۔اُنہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز کے درمیان بھی مکمل تال میل ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اَمرناتھ جی پوترگپھا پر حاضری دینے والے یاتریوں کی تعداد پہلے ہی 50,000 سے تجاوز کر چکی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے رضاکاروں سے بھی تبادلہ خیال کیا اور یاتریوں کو مدد فراہم کرنے کے لئے لگائے گئے مختلف کائونٹروں کا معائینہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، صوبائی کمشنر کشمیر پانڈورانگ کے پولے ، آئی جی پی کشمیر وِجے کمار ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔










