سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج رِیاسی کے ٹکسن ڈھوک گائوں والوں کو دو اِنتہائی مطلوب دہشت گردوں کو پکڑنے میں بڑی ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر 5لاکھ روپے کے نقد اَنعام دینے کا اعلان کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’میں ریاسی کے ٹکسن ڈھوک گائوں والوں کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دو اِنتہائی مطلوب دہشت گردوں کو پکڑا۔ عام آدمی کا ایسا عزم ظاہر کرتا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ زیادہ دور نہیں ہے ۔ جموںوکشمیر یوٹی حکومت دہشت گردوں اور دہشت گردی کے خلاف بہادری سے کام کرنے پر گائوں والوں کو 5 لاکھ روپے کا نقد اَنعام دے گی۔ یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ ٹکسن ڈھوک دیہاتیوں نے اِنتہائی ہمت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے لشکر طبیہ کے دو اِنتہائی مطلوب دہشت گردوں کو پکڑ لیا جو پولیس اور فوج کے اِنسداد دہشت گردی آپریشن کو جاری رکھنے کے بعد پناہ لینے کے لئے اِس علاقے میں پہنچے تھے ۔ ان کی شناخت راجوری کے طالب حسین اور پلوامہ کے فیصل احمد ڈار کے طورپر ہوئی ہے ۔ ان کے قبضے سے دو اے کے رائفلیں ، سات گرینیڈ ، ایک پستول اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا۔










