چیئرپرسن بی ڈی سی ، ڈی ڈی سی ممبر نے ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں سے متاثرہ قبائلی کنبوں کی اِمداد کیلئے ملاقات کی

شوپیان//سینکڑوں قبائلی کنبوں کے ایک وفد کی قیادت چیئرمین بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ( بی ڈی سی ) کوترنکاراجوری جاوید اِقبال چودھری اور بدھل راجوری ضلع ترقیاتی کونسل کی رُکن شازیہ کوثرکر رہے تھے، نے ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا سے ملاقات کی اور حالیہ برفباری اور شدید بارشوں سے متاثر ہ کنبوں کے لئے اِمداد اور معاوضے کا مطالبہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے وفد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ نے فعال تشخیصی اقدامات شروع کئے ہیں اور ایس ڈی آر ایف کے اَصولوں کے تحت معاوضے کے لئے 60 لاکھ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے اور اسے جلد ہی مقررہ عمل کی تکمیل کے بعد متاثرہ کنبوں کے کھاتوں میں جمع کیا جائے گا ۔اُنہوں نے وفد کو مزید بین ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں دیگر شعبوں میں بھیجنے کی بھی یقین دہانی کی۔چیئر پرسن بی ڈی سی جاوید چودھری نے ریاستی ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ کے تحت معاوضے کے علاوہ ان متاثرہ کنبوں کے لئے فوری پناہ گاہ کی اِمداد کی ضرورتوں پر روشنی ڈالی ۔اُنہوں نے قبائلی علاقوں میں واقع متعدد سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا ۔ چیئرپرسن نے متاثرہ کنبوں کی بروقت اِمداد کو یقینی بنانے کے لئے فعال اور فوری اِقدامات پر ضلع ترقیاتی کمشنر کا شکریہ اَدا کیا۔ ضلع ترقیاتی کونسل کی رُکن شازیہ کوثرنے شوپیاں کی اونچی چراگاہوں میں کوترنکا ۔بدھل سب ڈویژن کے سینکڑوں کنبوں کو ہونے والے نقصان کے بارے میں بتایا اور کنبوں کی روزی روٹی کاسہارا دینے کے لئے خصوصی اِمدادی اقدامات کی درخواست کی ۔اُنہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اَتھارٹی کی ٹیموں سے ڈھوکوں کو موسم کی پیشگی معلومات کے لئے اِقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان نے بدھل کے متاثرہ کنبوں کے لئے 300 خیموں کی منظوری بھی دی جو اِس وقت ڈھوک یعنی پیر پنجال پہاڑی سلسلے میں شوپیان کی اونچی چراگاہوں میں ہیں۔اُنہوں نے وفد کے ذکر کردہ سکولوں میں اساتذہ کی تعیناتی کے احکامات بھی جاری کئے ۔ اُنہوں نے نقل مکانی کرنے والے قبائلی کنبوں کو ہرقسم کی مدد کی یقین دہانی کی جس میں طبی ہیلتھ کیئر ، ویٹرنری کی دیکھ ریکھ، سماجی تحفظ اور ذریعہ معاش کی مدد شامل ہیں۔اُنہوں نے ضلع میں جاری قبائلی ویلڈر کے دیگر اِقدامات کے بارے میں بتایاجس میں پیر کی گلی کے قریب نقل مکانی کرنے والے کنبوں کے لئے قبائلی ٹرانزٹ رہائش کی تعمیر بھی شامل ہے۔وفد نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا سے متاثرہ کنبوں کی اِمداد کو یقینی بنانے کے لئے اِنتظامیہ کی جانب سے فوری کارروائی کے لئے شکریہ اَدا کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام متاثرہ کنبوں کو راحت اور معاوضہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے دیگر علاقوں کا احاطہ کرے۔