سرینگر//وادی کشمیر میںجاری تپش کی گرمی کے بیچ محکمہ اسکولی ایجوکیشن نے اسکولوں 10روزہ گرمائی تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سرکاری و پرائیوٹ اسکول 04سے 14جولائی تک گرمائی چھٹیوں کیلئے بند رہیں گے ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں جہاں گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور درجہ حرارت ریکارڈ 35ڈگری تک پہنچ گیا ہے ۔ وہیں گرمی کی لہر کے نتیجے میں اسکولوں سے بچوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا اور والدین نے مطالبہ کیا تھا کہ اسکولوں میں گرمائی تعطیل کا اعلان کیا جائے ۔ جس کے چلتے محکمہ اسکولی ایجوکیشن نے جموں اور کشمیر صوبے کیلئے اسکولوں میںگرمائی تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔ اس ضمن میں محکمہ اسکولی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری بی کے سنگھ کی جانب سے با ضابطہ طور پر حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کشمیر صوبے میں سرمائی زون کے تحت آنے والے سبھی اسکولوں میں 4 جولائی سے 10 روز تک گرمائی تعطیلات ہوگی ۔ حکمنامہ کے مطابق جموں اور کشمیر صوبے کے تمام سرکاری و پرائیوٹ اسکول 04سے 14جولائی تک گرمائی چھٹیوں کیلئے بند رہیں گے ۔ واضح رہے وادی کشمیر شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہے اور جمعرات کو سرینگر میں سیزن کا گرم ترین دن 34.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ مانسون کی بارش سے جمعرات کو جموں میں کچھ راحت ملی۔ وہیں سرینگر میں اس سیزن میں پارہ ایک نئی بلندی پر پہنچ گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں درجہ حرارت گزشتہ 12 برس میں تیسرے نمبر پر رہا۔










