کولکتہ//جموںوکشمیر محکمہ سیاحت نے آج کولکتہ میں ٹریول اینڈ ٹوراِزم فیئر ( ٹی ٹی ایف) میں شرکت کی تاکہ وہاں محکمہ سے وابستہ مختلف شراکت داروں کو سہولیت فراہم کی جاسکے۔ ٹریول اینڈ ٹوراِزم فیئر ( ٹی ٹی ایف)کے دوران زائد اَز 30 ٹریول ٹریڈ آپریٹروں ، ہوٹیلیئروں ، ہائوس بوٹ مالکان اور جموں وکشمیر کے ٹریول ٹریڈ ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں نے جے اینڈ کے ٹوراِزم پویلین میں اَپنی مصنوعات اور سروسز کی نمائش کی۔میلے میں تقریباً100 ٹریول تجارتی نمائش کنندگان اور ریاستی اور یوٹی سیاحتی محکموں نے بھی حصہ لیا۔دوران ِٹی ٹی ایف سینئر اَفسران کی ایک ٹیم نے جموںوکشمیر محکمہ سیاحت کی نمائندگی کی جس نے وہاں ٹریول ٹریڈ آپریٹروں کے ساتھ سلسلہ وار میٹنگیں کیں۔ اُنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی میں مہم جوسیاحت کے مختلف مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مختلف سیاحتی مقامات جیسے گریز ، بنگس، لولاب ، ڈی کے جی۔ راجوری ، کشتواڑ ، پیر کی گلی ، نوریچم آبشار ، توسہ میدان ، دودھ پتھری ، آہرہ بل ، کرناہ ، جئے وادی اور پدری ۔ بھدرواہ کو ایک ویڈیو پرزنٹیشن کے ذریعے نمائش کی۔جموںوکشمیر محکمہ سیاحت کے اَفسران نے میلے میں میڈیا اَفراد سے بات چیت کی تاکہ جموںوکشمیر ٹوراِزم کی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں معلومات فراہم کی جاسکیں۔










