سرمد حفیظ ، شیخ فیاض نے سٹون پارک اتھواجن کا دورہ کیا ، اس کی تکمیل کا جائیزہ لیا

سرینگر/ سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ اور کمشنر سیکرٹری فلوریکلچر ، گارڈنز اینڈ پارکس شیخ فیاض احمد نے آج سرینگر شہر میں آنے والے کئی پروجیکٹوں کا دورہ کیا اور ان کی تکمیل کی رفتار کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران سرمد حفیظ اور شیخ فیاض احمد نے اتھواجن کے اسٹون پارک کا دورہ کیا اور موقع پر ہی پارک کے مختلف حصوں کی تکمیل کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ یہ پارک وزیر اعظم کے ترقیاتی منصوبے کے تحت تیار کیا گیا ہے ۔ اس پارک میں سائیکلنگ اور جاگنگ ٹریک کے علاوہ قدرتی چٹان پر چڑھنے والی دیوار بھی شامل ہے تا کہ اسے کھلی سبز جگہوں اور ایک کشادہ کیفٹیریا کے علاوہ مہم جوئیوں کا پسندیدہ بنایا جا سکے ۔ اس موقع پر عمل آوری ایجنسیوں کے نمائندوں نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ڈائریکٹر فلوریکلچر فاروق احمد ، محکمہ سیاحت و فلوریکلچر کے افسران کے علاوہ ایگزیکٹو ایجنسیوں کے نمائندے بھی موجود تھے ۔