کپواڑہ//پرنسپل سیکرٹری اسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے آج ضلع کپواڑہ کا ایک روزہ دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے سلسلہ وار سرگرمیاں انجام دیں اور پی آر آئی اور انتظامیہ کے ساتھ ضلع کے ترقیاتی پروفائل کا جائیزہ لیا ۔ اصغر سامون جو ضلع کپواڑہ کے مینٹر سیکرٹری بھی ہیں ، نے یہاں پہنچ کر ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی ) کپواڑہ خالد جہانگیر ، کالج کے پرنسپل ، ڈی جی ایم ، جے کے پی سی سی اور متعلقہ افسران کی موجودگی میں پولی ٹیکنک کالج کریہامہ کے مین بلاک کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کالج کے اطراف کا دورہ کیا اور لیکچر ہالز ، ورکشاپس ، لیبارٹریز اور کالج کے زیر تعمیر بلاکس کا معائینہ کیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ کالج کمپلیکس کی تکمیل پر اب تک 13 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں جبکہ کل لاگت 1935.89 لاکھ روپے ہے ۔ انہوں نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ مقررہ مدت میں دیگر بلاکس کی تکمیل کو یقینی بنائے ۔ پرنسپل سیکرٹری نے گُشی میں آیوش ہیلتھ اینڈ ویلنس سنٹر کا معائینہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ سنٹر میں کپنگ اور جونک، پلنگ ، یوگا اور مشاورت کے علاج دستیاب ہیں ۔ انہوں نے ہیلتھ سنٹر میں معیاری ادویات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ اصغر سامون نے ڈگ ویل واٹر سپلائی سکیم گُشی کا بھی معائینہ کیا اور متعلقہ افسران کو کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے امرت سروور بند وادر نگری کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ ڈاکٹر اصغر سامون نے آئی ٹی آئی کپواڑہ کا بھی دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا معائینہ کیا ۔ بعد ازاں پرنسپل سیکرٹری نے پی آر آئیز اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع کے ترقیاتی پروفائل کا جائیزہ لیا ۔ چئیر مین ڈی ڈی سی کپواڑہ عرفان سلطان پنڈت پوری ، وائس چئیر مین ڈی ڈی سی حاجی فاروق احمد میر ، ڈپٹی کمشنر کپواڑہ خالد جہانگیر ، مختلف محکموں کے سربراہان ، اے ڈی ڈی سی کپواڑہ ، اے ڈی سی ہندواڑہ ، ایم سی کپواڑہ ، ہندواڑہ اور لنگیٹ کے صدور ، ڈی ڈی سی ممبران ، بی ڈی سی چئیر پرسنز کے علاوہ ضلع اور سیکٹورل افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ اصغر سامون نے کہا کہ حکومت عوام کو بجلی ، پانی ، سڑک ، صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات کے علاوہ معیاری خدمات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کپواڑہ ضلع میں ڈیری /بھیڑ فارمنگ ، باغبانی ، دستکاری اور سیاحت کی ترقی کی زبردست گنجائش ہے ۔ انہوں نے منتخب نمائندوں اور افسران پر زور دیا کہ وہ مل کر کام کریں تا کہ کپواڑہ ضلع جو خوشحالی کی طرف گامزن ہے نمبر ون ضلع کے طور پر سامنے آئے ۔ صحت کے شعبے کا جائیزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے میڈیکل کالج ہندواڑہ کی تعمیر میں تیزی لانے کو کہا ۔ انہوں نے نبارڈ کی فنڈنگ میں آنے والے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے جل شکتی سمیت دیگر مختلف شعبوں کا جائیزہ لیا اور متعلقہ افسران کو کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی ۔ ڈپٹی کمشنر کپواڑہ خالد جہانگیر نے پاور پوائینٹ پرذنٹیشن کے ذریعے بریفنگ دی ۔ قبل ازیں چئیر مین ڈی ڈی سی ، وائس چئیر مین ڈی ڈی سی ، میونسپل کمیٹیوں کے صدور ، ڈی ڈی سی ممبران اور بی ڈی سی کے چئیر پرسن نے بھی اپنے اپنے حلقوں کے ترقیاتی مسائل پر بات کی ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ان کے مسائل سُنے اور بہت سے مسائل کو موقع پر حل کیا جبکہ دیگر مسائل کے حل کیلئے انہوںنے افسران کو ہدایات دیں ۔










