وادی میں دوسرے دن بھی گرمی کی شدت برقرار

اگلے 2دن پوری کشمیرمیں شدید گرمی کی پیش گوئی

سری نگر//اتوار سے جاری گرمی کی تازہ لہر کے بیچ موسمیاتی ماہرین کایہ امکان ظاہرکیاہے کہ اگلے دودن یعنی بدھ اورجمعرات کوکشمیرمیںگرمی کی تپش میں مزیداضافہ ہوگا،اورجمعرات کودن کادرجہ حرارت34سے35ڈگری سینٹی گریڈ کوچھوسکتا ہے ۔اس دوران منگل کے روز سری نگر ،پلوامہ اورکپوارہ میں درجہ حرارت33ڈگری سینٹی گریڈ اوراوڑی میں 34ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈکیاگیا۔اُدھر ہندوستانی محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ30جون اوریکم جولائی کونئی دہلی سمیت شمالی ہندمیں مانسون کی بارشیں شروع ہوسکتی ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق موسمیاتی ماہرین نے منگل کوکہاکہ جمعرات تک کشمیر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور تیزدھوپ رہنے کا امکان ہے،اوراس کی وجہ سے کشمیر کے علاقے میں چند مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت34سے35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔موسمیاتی ماہرین کے مطابق جمعرات سے جموں خطہ کے کچھ حصوں میں مانسون کی بارش متوقع ہے۔اس دوران منگل کے رو زپوری کشمیر وادی میں دن کے وقت گرمی کی لہر جاری رہی تاہم سہ پہر سے درجہ حرارت میں کمی آنا شروع ہوگئی ۔منگل کودن کے ساڑھے3بجے سری نگرمیں درجہ حرارت 32ڈگری سینٹی گریڈ،اننت ناگ میں33ڈگری،پلوامہ میں32،اوڑی میں34ڈگری ،کپوارہ میں 32،بارہمولہ میں بھی32اوربڈگام میں29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔اُدھر جموں صوبے میں گرمی کی لہر برقرارہے ۔منگل کوسہ پہر ساڑھے3بجے جموں شہرمیں درجہ حرارت39ڈگری سینٹی گریڈ اورسانبہ میں38ڈگری ریکارڈکیاگیا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے منگل کی صبح بتایاکہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم بنیادی طور پر خشک رہا ۔محکمہ موسمیات نے منگل کو بھی یہی صورتحال برقرار رہے گی اوراگلے دودن بھی موسم خشک اورگرم رہنے کاامکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اگلے48 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیرمیں دن کوگرمی کی شدت بڑھ جانے کیساتھ ہی رات کے درجہ حرارت میںبھی اضافہ ہورہاہے ۔انہوںنے کہاکہ سری نگرمیں پیر اورمنگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ، پہلگام میں13.2 اور گلمرگ میں 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اورمنگل کی درمیانی رات جموں میں کم سے کم درجہ حرارت29.9 ڈگری، کٹرہ میں 27، بٹوٹ میں 20.9، بانہال میں 20 اور بھدرواہ میں19.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔