بادل پھٹنے سے52 بھیڑیں، 8 گھوڑے اور 5 گائیں ہلاک
سری نگر//وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے بالائی جنگلاتی علاقوں میں بادل پھٹنے اور خراب موسم کی وجہ سے کم از کم 52 بھیڑیں، 8 گھوڑے اور 5 گائیں ہلاک ہو گئیں۔جے کے این ایس کے مطابق حکام نے بدھ کو بتایا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق بڈگام ضلع کے ڈشکھل، دوریان، لاتھرمنڈ، ایود، کوریگ اور دیگر بالائی علاقوں میں خراب موسم کے چلتے بادل پھٹنے سے گزشتہ2دنوں سے کم از کم 52 بھیڑیںہلاک ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ مرنے والے بھیڑوں اوردیگرجانوروںکی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ علاقوں میں موبائل کی رسائی نہیں ہے، جب کہ یہ خانہ بدوش خاندان جانور چرا رہے ہیں۔حکام نے مزید کہا کہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر بچائوآپریشن جاری ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری ٹیمیں تمام جگہوں پر کام پرلگی ہوئی ہیں اوربچائو کارروائی کیساتھ ساتھ خانہ بندوشوں اوربکروالوںکو ضروری چیزیں فراہم کر رہی ہیں۔حکام نے نے بڈگام کے بالائی علاقوں میں اپنے مویشی چرا رہے تمام چرواہوں اوربکروالوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے موسم صاف ہونے تک میدانی علاقوں میں آجائیں۔اس دوران ذرائع نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے بالائی علاقوں میں8 گھوڑے اور 5 گائیوںکے مرنے کی اطلاعات ملی ہیں تاہم، سرکاری طورپر اسکی تصدیق کا انتظار ہے۔










