جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا او رمرکزی وزیر مملکت پنچایتی راج کپل موریشور پاٹل نے آج سینکڑوں لوگوں کے ساتھ شہر ہ آفاق مشہو ر جھیل ڈل میں یوگا کے عالمی دِن کی تقریبات میں شرکت کی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے میسور پیلس گرائونڈز کرناٹک سے ملک گیر تقریبات کی قیادت کی جس نے بڑے پیمانے پر یوگا کی مرکزی تقریب کی میزبانی کی ۔میسور میں وزیر اعظم کا یوگا پروگرام ناول’’ گارڈین رنگ‘‘ پروگرام کا بھی حصہ ہے جو کہ 79 ممالک اور اقوام متحدہ کی آرگنائزیشنوں اور بیرون ملک ہندوستانی مشنوں میںایک مشترکہ مشق ہے تاکہ یوگا متحد کرنے والی طاقت کو واضح کیا جاسکے جو کہ قومی حدود کو عبور کرتی ہے۔آٹھویں بین الاقوامی یوگا دِن کی تقریبات آزادی کاامرت مہااُتسو کے ایک حصے کے طورپرملک بھر میں 75 مشہور مقامات پر منعقد کی گئیں ۔ جھیل ڈل کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ ،بی ایس ایف بی او پی اوکٹروئی سچیت گڈھ جموں اور مارٹنڈ سن ٹمپل اننت ناگ کشمیر میں بڑے پیمانے پر یوگا کے مظاہروں کے لئے جمع ہوئے۔جموںوکشمیر میں بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات میں ممتاز شخصیات ، یوگا گورو ، یوگا او راس سے منسلک سائنس کے ماہرین ، یوگا کے شائقین ، یوتھ کلبوں کے ممبران ، اَساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوگا کے عالمی دِن کے موقعہ پر لوگوں کو مبارک باد دیتے ہوئے زور دیا کہ وہ صحت اورتندرستی کے لئے مجموعی نقطہ نظر کے لئے یوگا کو زندگی کا ایک لازمی حصہ بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِمسال کا’’ یوگا فار ہیو مینٹی ‘‘ تھیم مشکل وقت میں عالمگیر بھائی چارے کے پیغام پر زور دیتا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اِنسانیت کے لئے یہ اَنمول تحفہ ہے جومختلف بیماریوں کو علاج کرنے ،جسمانی نشوو نما کو بہتر بنانے اور ذہنی تنائو کو دُور کرنے کے لئے اِستعمال کیا جارہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ یوگا ایک قدیم ورثہ ہے جو پوری دُنیا کو جوڑتا ہے اور یوگا کا مطلب اِتحاد او رہم آہنگی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ’’ واسودھا وا کٹم بکم ‘‘کے جذبے کے ساتھ ہندوستان پوری دُنیاکی فلاح و بہبود کے لئے رہنمائی کررہا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یوگا ایک عوامی تحریک بن چکا ہے ۔ہم یوگا میں جتنے بھی آسن کرتے ہیں ، حقیقت میں ان کا تعلق صرف جسم سے نہیں ہے ، وہ صرف جسمانی مشقیں نہیں ہیں بلکہ اِس لمحے میں جینے کی ہماری صلاحیت کی عکاسی کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے یوگا بین الاقوامی دِن کے منانے کو تمام ڈاکٹروں ، نرسوں ، ہیلتھ کیئر پیشہ ور اَفراد کی بے لوث خدمات،لوگوں کی کوششوں اور جدوجہدکے لئے وقف کرتے ہوئے کہاکہ جب اِنسانیت کو وِڈ ۔19وَبائی مرض لڑ رہی تھی ،ڈاکٹروں ، تحقیق اور دُنیا بھر کے ماہرین صحت نے اِتفاق رائے سے لوگوں کو یوگا کے طریقوں پر عمل کرنے کی سفارش اور اپیل کی ۔اُنہوں نے شہروں پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر کے آیوش محکمہ سے یوگا کی سہولیتوں اور خدمات کا فائدہ اُٹھائیں اور یوگا کو اَپنے معمولات میں اَپنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ یوگا متعدد بیماریوں پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے، قوت مدافعت بڑھاتا ہے اور معیار زندگی گزارنے کیلئے ایک جامع نقطہ نظر فراہم کرتا ہے۔یوگا جسمانی نشوو نما کو بہتر بنانے اور ذہنی تنائو کو دُور کرنے کا ایک منفرد ذریعہ ہے۔اِ س موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت پنچایتی راج کپل موریشور پاٹل نے یوگا کے آٹھویں عالمی دِن کے موقعہ پر تمام شرکأ کو اَپنی مبارک باد پیش کی اور سبھی سے اپیل کی کہ وہ یوگا کو اَپنائیں اور دماغی ،جذباتی اور جسمانی صحت اور تندرسی صحت کے لئے مستقل بنیادوں پر یوگا کی مشق کریں۔مرکزی وزیر مملکت نے یوگا کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ،’’ یوگا صحت سائنس کے عظیم اور قدیم علم کی نمائندگی کرتا ہے او ریہ اِنسان میں جسمانی اور روحانی توانائی پید اکرتا ہے اور جسم سے بیماریوں کو دُور کرنے میں مدد کرتا ہے ۔‘‘اِس موقعہ پرچیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کما ر مہتا نے اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ہماری روزمرزہ زندگی میں یوگا کی مشق کے فوائد پر روشنی ڈالی ۔کمشنر سیکرٹری دیہی ترقی او رپنچایتی راج محکمہ مندیپ کور نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا۔یوگا کے عالمی دِن کی تقریبات کے دوران میسور پیلس گرائونڈ میسو کرناٹک سے وزیر اعظم کے خطاب کی بغیر کسی رُکاوٹ کے لائیو سٹریمنگ اور سکریننگ کے لئے کافی اِنتظامات کئے گے تھے۔وزارتِ پنچایتی راج نے عالمی یوگا ڈے ۔2022 کا اہتمام حکومت جموںوکشمیر بالخصوص محکمہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج اور آیوش کے ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ قریبی تال میل اور اشتراک سے کیا۔وزارتِ آیوش نے اِس تقریب کے لئے نوڈل ایجنسی کے طور پر سی سی آر یو ایم کے علاقائی ریسر چ اِنسٹی چیوٹ آف یونانی میڈیسن سے اِس تقریب کو منظم کیا ۔پنڈال میں کامن یوگا پروٹوکو ل کے مطابق بڑے پیمانے پر یوگا کا مظاہرہ کیا گیا اور تمام شرکأ نے عالمی یوگا دِن 2022 کو منانے کے لئے 45منٹ کے یوگا سیشن میں شمولیت کی۔ جھیل ڈل میں یوگا سیشن کی رہنمائی یوگا ماہر ڈاکٹر روحی تبسم نے کی۔شہرہ آفاق مشہور جھیل ڈل پر ایس کے آئی سی سی سری نگر میں بین الاقوامی یوگا ڈے ۔2022ء کی تقریبات میں مختلف آرگنائزیشنوں ، ڈائریکٹوریٹ آف آیوش او ریونانی کالج، آر آر آئی یو ایم سمیت پنچایتی راج اِداروں کے منتخب نمائندے اور اَرکان ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ، محکمہ صحت ، سکاسٹ ، بی ایس ایف ، سی آر اپی ایف ، سکائوٹس این ایچ ایم اور دیگر اَفرادکے تقریباً1,200 شرکأ نے شرکت کی ۔ میئر ایس ایم سی جنید عظیم متو، ایڈیشنل سیکرٹری وزارتِ پنچایتی راج ڈاکٹر چندر شیکھر کمار ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، اقتصادی مشیروزارتِ پنچایتی راج ڈاکٹر بجیار کمار بہیرا، مشن ڈائریکٹرنیشنل ہیلتھ مشن چودھری محمد یاسین کے علاوہ سول اِنتظامیہ ، پولیس اور نیم فوجی دستوں کے سینئر اَفسران نے بھی جھیل ڈل پر بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات میں شرکت کی۔










