سری نگر//جموںوکشمیر کے تین تاریخی ورثے والے مقامات کو 75ممتاز ثقافتی ورثے کے مقامات میں سے21؍ جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے کے طورپر منائے جانے والے خصوصی تقاریب کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ان مقامات میں سے جموں میں پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد سے آر ایس پورہ سیکٹر میں سچت گڈھ ، سری نگر میں تاریخی جھیل ڈل اور اننت ناگ میں مارتنڈ سن مندر شامل ہیں۔وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت سائنس اور ٹیکنالوجی ، ارتھ سائنس ، اٹامک انرجی اور سپیس کا آزادانہ چارج سنبھالنے والے ڈاکٹر جتندر سنگھ جموں ضلع کے آر ایس پورہ سیکٹرمیں سچیت گڈھ کی بین الاقوامی سرحد پر حفاظتی اہلکاروں اور مقامی لوگوں کے ساتھ یوگا ڈے کی تقریبا کی قیادت کریں گے۔مرکزی وزیر مملکت صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر بھارتی پروین پوار جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں مارتنڈ سن مندر میں تقریبات کی قیادت کریں گی جبکہ مرکزی وزیر مملکت پنچایتی راج کپل مور یشور پاٹل جھیل ڈل سری نگر میں منعقد ہونے والے یوگا ڈے کی تقریب میں شامل ہوں گے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے 75 ورثے اور مشہور مقامات کو حتمی شکل دی ہے جہاں وزیر اعظم نریندر مودہ اور وزیر دفاع ، وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ سمیت 75مرکزی وزاء اِس برس بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کی قیادت کریںگے۔بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقعہ پر پہلی بار تمام 75مرکزی وزراء ملک بھر میں ایک ایک تاریخی اہم مقام کا دورہ کریں گے۔وزیر اعظم نریندر مودی کرناٹک میں میسور کے میسور پیلس میں یوگا ڈے کی تقریبات کی قیادت کریں گے جبکہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کوئمبٹور ( تامل ناڈو) میں اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مہاراشٹر کے ناسک میں ترمبکیشور مندر میں ہوں گے ۔یہ بات واضح ہے کہ بین الاقوامی یوگا ڈے کے قیام کے لئے قرار داد کا مسودہ ہندوستان نے تجویز کیا تھا اور 175رُکن ممالک نے اِس کی حمایت کی تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2014ء میںجنرل اسمبلی کے 69 ویں اجلاس میں اَپنی تقریر میں سب سے پہلے یہ خیال پیش کیا تھا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے یوگا کا ہندوستان کی قدیم تاریخ کا ایک انمول تحفہ قرار دیتے ہوئے یوگک پریکٹس کو یاد کرنے پر زور دیا۔بالآخر،اقوام متحدہ نے 11؍ دسمبر 2014ء کو 21 ؍ جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں نریندر مودی نے کہا،’’ یوگا ہندوستان کی قدیم روایت کا ایک انمول تحفہ ہے ۔ یہ دماغ اور جسم کی نشو نما، سوچ اور عمل ، تحمل اور تکمیل ، اِنسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگی ، صحت اور فلاح و بہبود کے لئے ایک جامع نقطہ نظر ہے ۔ یہ ورزش کے بارے میں نہیں ہے بلکہ اَپنے آپ ، دنیا اور فطرت کے ساتھ یگانگت کے احساس کو دریافت کرنا ہے ۔ اَپنے طرز زندگی کو بدلنا اور شعور پیدا کرنا ، یہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد دے سکتا ہے ۔ آئیے ہم بین الاقوامی یوگا ڈے کو اَپنانے کی سمت کام کریں۔‘‘پہلا یوگا ڈے 2015ء میں منایا گیا جس میں ہندوستان نے دو گینز ورلڈ ریکارڈ ’’ سب سے بڑی یو گا کلاس‘‘ کا ریکارڈاور ’’ یوگا ایونٹ میں قومیتوں کی سب سے بڑی تعداد ‘‘کا ریکارڈ حاصل کئے ۔بین الاقوامی یوگا ڈے کے آٹھویں ایڈیشن کا تھیم ’’ یوگا فارہیومینٹی ‘‘ ہے ۔ اِس تقریب کو دنیا بھر سے لوگ اِنتہائی لگن کے ساتھ مناتے ہیں اور لوگوں کو اِس تقریب میں شرکت کے لئے ترغیب دینے کی خاطر کئی مقابلے منعقد کئے جاتے ہیں۔اقوام متحدہ نے مزید کہا،’’ یوگا ذہن سازی، اعتدال پسندی ، نظم و ضبط اور استقامت کی اقدار پر زور دیتا ہے ،جب کمیونٹیوں اور معاشروں پر لاگو ہوتا ہے ، یوگا دیرپا زندگی گزارنے کا راستہ پیش کرتا ہے۔‘‘کووِڈ۔19 وبائی بیماری کی موجودہ بحالی نے لوگوں میں تنائو اور اِضطراب کو بڑھا دیا ہے ۔ بیماری اور تنہائی نہ صرف مریض کی صحت کو متاثر کر رہی ہے بلکہ اِس کی جذباتی صحت اور یہاں تک کہ اس کے کنبے کے اَفرادکی صھت کو بھی متاثر کر رہی ہے ۔یوگا اِس قسم کے مسائل سے نمٹنے میں مدد کرتا ہے ۔یہ ہمیں نفسیاتی جسمانی صحت اور جذباتی ہم آہنگی پیدا کرنے میں مدد کرتا ہے۔










