سری نگر//شدیدگرمی ہویاکہ ابترموسمی صورتحال ،محنت کش طبقوں کی مشکل بڑھ جاتی ہے ،کیونکہ اُن کومعمول کی محنت مشقت اورمزدوری کرنے میں دقعت کاسامنا کرناپڑتاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سنیچر کوعلی الصبح سے ہی بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے اوربعدازاںاس میں شدت یا تیزی آنے سے محنت مزدوری کرنے والے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے ،کیونکہ موسلا دار بارشوںنے اُنھیں کوئی کام کرنے نہیں دیا۔برستی بارش کی وجہ سے سنیچر کوشہر سری نگر اورقصبہ جات میں سڑک کنارے چھاپڑیوں پر سبزی فروخت کرنے والے نظر نہیں آئے جبکہ ریڈیوںمیں سبزیاں لادکر بستی بستی جاکران کوفروخت کرنا بھی مشکل ہوگیا۔کئی ایسے سبزی فروشوںنے بتایاکہ تیز بارش ہونے کی وجہ سے وہ کچھ نہیں کرپارہے ہیں ۔بتہ مالومیں روزانہ سڑک کنارے سبزیاں فروخت کرنے والے بھی آج پریشان نظر آئے ،کیونکہ خریدار نظر نہیں آئے ۔نزدیک ہی موجود کچھ چھاپڑی فروش سبزیوں اورمیوہ جات سے بھرے ریڈے کھڑے کئے ہوئے تھے ۔ یہ لوگ بارش میں کمی ہونے کاگھنٹوں انتظار کرتے رہے لیکن شام تک بادلوںکابرسنا جاری رہا،وریہ غریب طبقہ بغیرکسی کمائی کے بوجھل قدموں سے خالی ہاتھ گھرلوٹ گیا۔










