4رہائشی مکانات معہ گھریلوسامان خاکستر،تین سگے بھائیوںکے تین مکان اورایک خاتون کامکان شامل
اننت ناگ//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شر پورہ علاقے میں آگ کی ایک شبانہ واردات میں کم سے کم 4رہائشی مکان خاکستر ہوگئے،جن میں تین سگے بھائیوںکے تین مکان بھی شامل ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق مقامی لوگوں نے بتایا کہ قصبہ اننت ناگ کے مضافاتی علاقے شر پورہ میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کی کوششوں سے قبل ہی کم سے کم 4ر ہائشی مکان شعلوںکی لپیٹ میں آگئے تھے جوبعدزاں خاکستر ہوگئے۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ آگ کی اس ہولناک واردات میںنہ صرف چار مکانات جل کرخاکستر ہوگئے بلکہ ان میں موجود گھریلو سامان بھی راکھ کے ڈھیروںمیں تبدیل ہوگیا،اوریوں کم سے کم چار کنبے چھت کیساتھ ساتھ عمر بھرکی جمع پونجی اورگھریلو سامان سے بھی ہاتھ دھوبیٹھے ۔خاکستر شدہ مکانات کے مالکان کی شناخت نثار احمد صوفی، بشیر احمد صوفی، غلام محمد صوفی پسران محمد شعبان صوفی اور ستارہ بانو زوجہ غلام محی الدین کے بطورہوئی ہے ۔آگ لگنے کی وجوہات ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔دریں اثنا مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی بھر پور مدد کریں تاکہ وہ اپنے سروں کا چھت کا بند وبست کر سکیں۔










