Principal Secretary School Education

چیف سیکرٹری نے بھرتی ایجنسیوں کے کام کاج کا جائزہ لیا

سری نگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج اِس بات کا اعادہ کیا کہ اگر جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ ( جے کے ایس ایس بی ) کے ذریعے حالیہ سب اِنسپکٹر بھرتی میں انکوائری کے دوران کس قسم کی بدعنوانی پائی گئی تو قصور واروں کو مثالی سزا دی جائے گی اور کسی بھی قصور وار کو بخشانہیں جائے گا ،چاہے وہ کسی بھی عہدے پر ہو۔اِن باتوں کا اِظہار چیف سیکرٹری نے پبلک سروس کمیشن او رسروس سلیکشن بورڈ کے کام کاج کا خصوصی طو رپر جائزہ لینے کے دوران کیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ، سیکرٹری پبلک سروس کمیشن اور چیئرمین سروس سلیکشن بورڈ نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے سب اِنسپکٹر کے اِنتخاب کی حالیہ شکایات کے حوالے سے کہا کہ اِس معاملے کی انکوائری کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 25؍ جون 2022ء تک اَپنی رِپورٹ پیش کرے گی ۔ اُمید واروں کو انکوائری رِپورٹ جمع کرنے کا اِنتظار کرنا چاہیے اور اَنکوائری کمیٹی کی طرف سے کسی قسم کی بدعنوانی کی صورت میں تمام ضروری اِصلاحی اِقدامات کئے جائیں گے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت اِنتخابی عمل میں اعلیٰ ترین شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے پُر عزم ہے۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ ایس ایس بی رواں سال کے دوران 10,000 اَسامیوں کو پُر کرنے کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اِقدامات کرے گا۔دورانِ میٹنگ بتایا گیا کہ ایس ایس بی کی جانب سے گذشتہ برس کے دوران اَپنے قیام کے بعد اَب تک کی سب سے زیادہ بھرتیاں عمل میں لائیں ۔ اِس کے علاوہ ماضی میں اِنتخابی عمل میں کسی بھی طرح کی بد عنوانی کے بارے میں ایسی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے ۔میٹنگ میں پی ایس سی اور جے کے ایس ایس بی میں بھرتی کے مختلف پہلوئوں پر بھی غور وخوض کیا گیا ۔ بتایا گیا کہ دونوں اِدارے تیز رفتار ٹریکنگ کے عمل ، اَپنی بھرتیوں میں دیانتداری اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اِقدام کریںگے۔