سری نگر// لوگوں سے بھائی چارہ برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے، جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے منگل کو کہا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے پیچھے ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا تاکہ جموں وکشمیر پرامن ماحول کو خراب کرنے کی پاکستانی سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔جے کے این ایس کے مطابق رویندر رینانے کہاکہ جموں و کشمیر ہندوستان کا تاج ہے اور تین دہائیوں سے پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گردی کا شکار ہے۔ انہوںنے کہاچونکہ پاکستان کو ہماری افواج کے ہاتھوں (درپردہ جنگ میں) شکست کا سامنا ہے، اس لئے پرامن ماحول کو خراب کرنے کے لئے ٹارگٹ کلنگ اور لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی سازش رچی گئی۔بھاجپاکی جموں وکشمیرشاخ کے صدر نے کہاکہ جموں اور کشمیر کے لوگ امن کے خواہاں ہیں کیونکہ انہوں نے پاکستان کی طرف سے اسپانسر شدہ دہشت گردی کو کافی دیکھا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہمارے پاس کافی رواداری ہے اور بے گناہوں کی ہلاکتوں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کے پیچھے ان تمام ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ذریعہ سختی سے نمٹا جائے گا۔رویندررینا نے قوم پرست اور امن پسند لوگوںسے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں۔انہوں نے کہاکہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کریں۔ یہ ہماری ثقافت اور ہمارے آباؤ اجداد کی تعلیمات ہے اور ہمیں اپنی قوم کو مضبوط کرنے کے لیے متحد ہونا ہو گا اور ان عناصر کو منہ توڑ جواب دینا ہو گا جو گندی سیاست کر رہے ہیں۔










