جموں//سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کے مرکزی وزیر مملکت مسٹر رام داس اٹھاولے نے آج کہا کہ حکومت ہند ایک پُر امن اور ترقی یافتہ جموں و کشمیر چاہتی ہے اور جموں و کشمیر کو تمام محاذوں پر ترقی دینے کیلئے پر عزم ہے ۔ وزیر نے یہ بات کنونشن سنٹر جموں میں منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ مسٹر رام داس اٹھاولینے کہا کہ 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد جموں و کشمیر کیلئے ترقی کے دروازے کھل گئے ہیں جو اس حقیقت سے ظاہر ہے کہ تمام مرکزی اسپانسر شدہ سکیموں اور پروگراموں چاہے پردھان منتری آواس یوجنا ہو یا جن دھن یوجنا ، مدرا ، پی ایم اجولا یوجنا ، طلباء کیلئے اسکالر شپ اسکیمیں ، درج فہرست ذاتوں ، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کیلئے فلاحی اسکیمیں ہوں ،کو اب جموں و کشمیر میں نافذ کیا گیا ہے ۔ مسٹر اٹھاولے نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں بہت سی مرکزی اسکیموں کا سو فیصد نفاذ اس حقیقت کا گواہ ہے کہ حکومت ہند جموں و کشمیر کے لوگوں کو ہر محاذ پر سماجی استحکام فراہم کرنے کیلئے ثابت قدم ہے چاہے وہ رہائش ، معاش وغیرہ ہو ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ پی ایم نریندر مودی کے دور میں سماجی بہبود کی اسکیموں پر عمل آوری میں تیزی آئی ہے جو اس حقیقت سے ظاہر ہے کہ پی ایم جن دھن یوجنا کے تحت 2014 سے لیکر 2022 جون تک 45 کروڑ 55 لاکھ اکاؤنٹس کھولے گئے ، پی ایم اجولا یوجنا کے تحت 2016 سے لیکر 2022 جون تک 9 کروڑ 29 لاکھ گیس کنکشن مستحقین کو الاٹ کئے گئے ، پی ایم آواس یوجنا ( اربن ) کے تحت 2015 سے لیکر 2022 جون تک تقریباً 60 لاکھ 17 ہزار مکانات تعمیر کئے گئے ، پی ایم آواس یوجنا ( دیہی ) کے تحت 2 کروڑ 25 لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے ، پی ایم جن اروگیہ یوجنا کے تحت 3 کروڑ 35 لاکھ لوگوں کو فائدہ پہنچا ، اجالا یوجنا کے تحت 36 کروڑ 79 لاکھ ایل ای ڈی بلب جاری کئے گئے ۔ وزیر نے یہ بھی بتایا کہ 2019 سے لیکر 2022 جون تک 1720 ڈی ایڈکشن مراکز کو یا تو فنڈ دیا گیا ہے یا مالی امداد کے تحت ڈی اڈکشن سنٹرز کے قیام کیلئے قائم کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں وزیر نے جموں و کشمیر میں سماجی بہبود کی اسکیموں کے نفاذ سے متعلق جموں و کشمیر محکمہ سماجی بہبود کے سینئر افسران کے ساتھ ایک جائیزہ میٹنگ بھی منعقد کی جس میں ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود محکمہ جموں و کشمیر وویک شرما نے بھی شرکت کی ۔ مسٹر اٹھاولے جموں کے ہری نواس پیلس میں نیلسن منڈیلا نوبل پیس ایوارڈز کی تقریب میں بھی حصہ لیں گے ۔










