bajan sopori

شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ نے سنتور لیجنڈ اور موسیقی کے ماہر پنڈت بھجن سوپوری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا

سرینگر / /جموں و کشمیر کے لفٹینٹ گورنر اور ایس اے ایس بی کے چئیر مین منوج سنہا اور شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس نتیشور کمار نے پنڈت بھجن سوپوری جو کہ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے سابق ممبر بھی تھے ، کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے دفتر میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا اور سنتور لیجنڈ کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ تمام سٹاف ممبران نے مرحوم کی روح کیلئے ابدی سکون اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ چئیر مین ایس اے ایس بی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ’’ پنڈت بھجن سوپوری ملک میں سنتور کے سب سے مشہور فنکاروں میں سے ایک تھے ۔ ان کی شاندار پرفارمنس کو ہندوستان اور بیرونِ ملک موسیقی کے ماہروں نے سراہا تھا ۔ مجھے پنڈت جی سے بات چیت کرنے کے کئی مواقع ملے اور انہیں جموں و کشمیر یو ٹی کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے پرعزم پایا ۔ ‘‘ انہوں نے ایس اے ایس بی کے رکن کے طور پر یاترا کو زیادہ سے زیادہ دوستانہ ، مقبول اور پریشانی سے پاک بنانے کیلئے بہت سے اختراعی خیالات تجویز کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ ان کی موت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے اسے پُر کرنا مشکل ہو گا ۔