سرینگر//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج سرینگر شہر کے مختلف زیارت گاہوں کا دورہ کیا تا کہ آنے والے عقیدت مندوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ انہوں نے جن زیارت گاہوں کا دورہ کیا ان میں درگاہ حضرت بل اور خانقاہ معلی شامل ہیں ۔ انہوں نے جامع مسجد نوہٹہ کا بھی دورہ کیا ۔ چیف سیکرٹری کے ہمراہ صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے ،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز ، کمشنر ایس ایم سی اطہر عامر خان ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ایس ایس پی سرینگر راکیش بلوال ، اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنے تمام کاموں کو اعلیٰ ترین ذمہ داری کے ساتھ پورا کریں تا کہ زیارت گاہوں پر آنے والے عقیدت مندوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے زیارت گاہوں پر اوقاف اراکین سے بات چیت کی اور ان سے زائرین کی سہولیت کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا ۔ درگاہ حضرت بل کے دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے عقیدت مندوں کیلئے سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ عید الفطر کے موقع پر درگاہ پر آنے والے عقیدت مندوں کی آسانی کیلئے تمام سہولیات کو بروئے کار لایا جائے ۔ انہوں نے باؤنڈری وال اور گیٹس کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سہولیات کی اپ گریڈیشن میں اوقاف اور مقامی لوگوں سے رائے لیں ۔ انہوں ے یہ بھی کہا کہ آوارہ کتوں کو روکا جائے۔ایس ایم سی سے کہا گیا کہ وہ رمضان المبارک کے آنے والے مقدس دنوں کے دوران زیارت گاہ کے ارد گرد صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں ۔ چیف سیکرٹری نے جامع مسجد کے دورے کے دوران وضو بلاک کا افتتاح کیا جو کہ مقامی لوگوں کا مطالبہ تھا ۔ عقیدت مندوں کے مسائل سنتے ہوئے چیف سیکرٹری نے انہیں یقین دلایا کہ ترجیحی بنیاد پر تمام مسائل پر غور کیا جائے گا ۔ اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران چیف سیکرٹری کے ہمراہ تھے ۔ بعد ازاں چیف سیکرٹری نے خوشحال سر اور گکسار جھیلوں کا بھی دورہ کیا اوردونوں آبی ذخائیر کی بحالی کا معائینہ کیا اور بحالی کے عمل میں انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ۔










