سری نگر//وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق شدید بارشیں ہوئی ہے جس کے نتیجے میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ کسانوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں کافی اضافہ ہو اہے ۔اس دوران بارشوں کے ساتھ ساتھ گلمرگ،سونہ مرگ اور گریز کے پہاڑوں پر برف باری ہوئی ہے۔ادھر محکمہ موسمیات نے بتایا اگلے24گھنٹوں کے دوران موسم میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق وادی کشمیر میں جمعرات کی صبح 6بجے سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جو دن بھر شدت کے ساتھ جاری رہا ہے ۔تازہ بارشوں کی وجہ سے کسانوں کے چہروں پر مسکراہٹ لوٹ آئی ہے کیوں کہ وادی میں قریب چار ماہ سے کوئی خاص بارش نہیں ہوئی تھی جس کے نتیجے میں مختلف قسم کے فصلوں کے ساتھ ساتھ میوہ جات کو خطر ہ لاحق ہوا تھا گزشتہ کئی روز سے اگر چہ کئی مقامات پر ہلکی بارشیں ہوئی ہے تاہم وادی میں اس طرح بارش نہیں ہوئی۔جمعرات کودن بھر خراب موسم کے بیچ کبھی کبھار بارش کے ساتھ امطلع بر آلود، تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک، کئی مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برفباری جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے وسطی ضلع گاندربل کے سونہ مرگ، زوجیلا ،منی مرگ اور گگن گیر پنجترنی ،بانڈی پورہ کے گریز،گلمرگ میں موسلادھار بارشوں کے ساتھ ساتھ پہاڑیوں پر تازہ برفباری سے سردی کی لہر شروع ہوگئی ہے تاہم تازہ برفباری سے سیاح سونہ مرگ میں خوش نظر آرہے ہیں۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ سری نگر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران صبح کے ساڑھے آٹھ بجے تک 6.9 ملی میٹر بارش ہوئی اور گزشتہ رات 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم درجہ حرارت 10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے دارالحکومت میں سال کے اس وقت کے دوران درجہ حرارت معمول سے 1.1ڈگری سنٹی گریڈ زیادہ تھا۔قاضی گنڈ میں اس وقت کے دوران 7.2 ملی میٹر بارش ہوئی اور گزشتہ رات 6.5 ڈگری سنٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم 8.2 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاون کے لیے درجہ حرارت معمول سے 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔










