Nitishwar Kumar

نتیشور کمار کا گاندربل ، بانڈی پورہ اور اننت ناگ کا دورہ

یاترا اِنتظامات کا جائزہ لیا ، مختلف مقامات پر یاترا ٹرانزٹ کیمپس کا معائینہ کیا

گاندربل / بانڈی پورہ / اننت ناگ// لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے آنے والی شری اَمرناتھ جی یاترا۔2022ء کے پیش نظر گاندربل ، بانڈی پورہ اور اننت ناگ اَضلاع کا دورہ کیا اور یاترا کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گور نر کے پرنسپل سیکرٹری جو شری اَمرناتھ جی شرائین بورڈ کے سی اِی او بھی ہیں ، نے آج سنبل یاترا ٹرانزٹ کیمپ کے علاوہ یاترا ٹرانزٹ کیمپ کے لئے مختلف مجوزہ مقامات کادورہ کیاجن میں سینٹرل یونیورسٹی کشمیر تولہ مولہ کے قریب ٹرانزٹ کیمپ ، وندہامہ ٹرانزٹ رہائش ، منی گام ٹرانزٹ کیمپ اور چنیر کنگن میں یاترا کیمپ کے لئے اِضافی مجوزہ جگہ شامل ہیں۔پرنسپل سیکرٹری نے کل اننت ناگ ضلع کے اپنے دورے کے دوران اخروٹ فیکٹری قاضی گنڈ، ایف سی آئی گوڈاؤن میر بازار، نن وَن بیس کیمپ، یانر پہلگام میں اِضافی خیمہ بستی کے لئے مجوزہ جگہ اور سربل میں فریسکنگ پوائنٹ کا دورہ کیا۔اُنہوں نے موقعہ پر ہی جائزہ لیا اور یاتریوں کے قیام کی صلاحیت میں اِضافہ کے بارے میںمعلومات حاصل کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے پرنسپل سیکرٹری کو موجودہ سے قیام کی گنجائش بڑھانے اور یاترا کے دوران عقیدت مندوں کے آرام و قیام کی خاطر دیگر سہولیت کی اَپ گریڈیشن کے لئے کئے گئے اقدامت کے بارے میںبتایا۔پرنسپل سیکرٹری نے اِن مقامات پر سہولیات کا معائینہ کرتے ہوئے کہا ،’’ ہم سالانہ شری امرناتھ جی یاترا۔2022ء میں تقریباً 8 لاکھ یاتریوں کی شرکت کی توقع کر رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ یاتریوں کی سہولیت کے لئے تمام سہولیات کو اس کے مطابق اَپ گریڈ کیا جائے۔اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ کو اقامتی گنجائش کو بڑھانے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی اور اُنہوں نے صفائی کی سہولیات ، ڈاکٹر وں کی موجودگی کے ساتھ طبی سہولیات کی چوبیس گھنٹے دستیابی ، پیرا میڈیکس اور ضروری ادویات ، یاترا ٹرانزٹ کیمپس اور راستے میں رُکے سٹیشنوں پر بجلی اور پینے کے پانی سمیت تمام ضروری اِنتظامات کرنے کی ہدایت دی۔متعلقہ اَفسران کو واضح ہدایات جاری کی گئی کہ اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یاترا کے آغاز سے پہلے تمام مطلوبہ اِنتظامات مکمل کئے جائیں ۔ اِس کے علاوہ پہلے سے تیار شدہ مصنوعی ہٹوں کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ایف سی ایس اور سی اے محکمہ کو یاترا کے دنوں میں تمام ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار نے یاترا ٹرانزٹ کیمپوں میں سیکورٹی اِنتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور سیکورٹی نظام کو اَپ گریڈ کرنے پر زور دیا۔ اُنہوں نے افسران سے کہا کہ وہ شری امرناتھ جی یاترا ۔2022ء کے احسن اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جوش اور قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں۔دوروں کے دوران پرنسپل سیکرٹری کے ہمراہ صوبائی کمشنر کشمیر پانڈروکے پولے ، ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جیوتسنا ، ڈی آئی جی ایس کے آر عبدالجبار، ایس ایس پی گاندربل نکھل بور کر ، ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زائد ، ایس ایس پی اننت ناگ آشیش مشرا ، ایڈیشنل سی ای او اایس اے ایس بی ،ایس راہل سنگھ، اے ڈی سی اننت ناگ ، اے سی آر گاندربل ، ایس ڈی ایم کنگن ، ایس ڈی ایم سنبل کے علاوہ سی آر پی ایف ، ایس اے ایس بی کے سینئر اَفسران اور دیگر ضلعی افسران بھی تھے۔