کپوارہ//سابق وزیراعلیٰ اورپی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے موجودہ حالات کیلئے لیفٹنٹ گورنر کوذمہ دار ٹھہراتے ہوئے سنیچر کے روز الزام لگایا کہ و ادی کشمیرمیں ظلم وجبرکی انتہاء ہے ۔انہوںنے کہاکہ الیکشن جموں وکشمیرکے مسئلے کاحل نہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق کپوارہ کے معروف عالم دین پیرشمس الدین کی وفات کے سلسلے میں غمزدہ خاندان کیساتھ تعزیت پُرسی کرنے کے بعدپی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے یہا ں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے الزام لگایاکہ وادی کشمیرمیں ظلم وجبرکی حدیں پار کرگئی ہیں ،اوربقول موصوفہ ا س صورتحال اورموجودہ حالات کیلئے لیفٹنٹ گورنر ذمہ دار ہے ۔انہوںنے کہاکہ حیدرپورہ میں ظلم کی انتہاء ہوگئی اورلیفٹنٹ گورنر کواس کی ذمہ داری لینی چاہئے ،کیونکہ وہ یہاںجونظام ہے اورانتظامیہ ہے ،اُسکے سربراہ ہیں،اورمرکزی سرکارکے یہاں نمائندے بھی ہیں ۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ حیدر پورہ میں مارئے گئے تین بے گناہ لوگ مارے گئے اورپھرانکو OGW یاہائی برڈملی ٹنٹ قرار دیاگیا،اورپھرلواحقین کوان کی نعشوں اور انصاف کی بھیک نہیں مانگنی پڑی ۔اورابھی تک عامرماگرے کی نعش اُسکے گھروالوںکونہیں ملی ۔پی ڈی پی صدر کاکہناتھاکہ حیدرپورہ واقعے سے لوگ بددل ہوگئے ہیں اوراب انصاف بھی کوئی نہیں مانگتاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس قسم کے ظلم سے جموں وکشمیرکے حالات سدھریں گے نہیں بلکہ اور بگڑ جائیں گے اورملک کیساتھ جموں وکشمیرکی دوریاں بڑھ جائیں گی ۔ایک سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی نے کہاکہ مسئلہ کشمیرحل کئے بغیر جموں وکشمیرمیں حالات بہتر نہیں ہونگے ۔انہوںنے کہاکہ بھارت اورپاکستان کے درمیان بات چیت چل رہی ہے اورجموں وکشمیر کے بارے میں بھی بات چیت ہی واحدراستہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جنہوں نے ریاست جموں وکشمیر کو دولخت کرنے اور اسکا تشخص مٹانے کیلئے کام کیا، اُنہیں ریاست کا درجہ بحال کرنے پڑے گااورجوکچھ چھینا گیاہے ،وہ بھی واپس دیناپڑے گا لیکن اسمیں کسانوں کی طرح تھوڑا وقت درکا ہوگا۔پیرشمس الدین کے لواحقین سے تعزیت کرنے اورنامہ نگاروںکے سوالات کاجواب دینے کے بعدپی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی نے ڈاکہ بنگلہ کپوارہ میں پارٹی ورکران سے ملاقات کی،اوریہاں بھی انہوںنے اپنے خیالات کااظہارکیا۔










