جموں//لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایس ڈی ڈی ) کے مختلف جاری پروجیکٹوں کی فزیکل اور مالی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، مشن ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ مشن جموں و کشمیر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی وکاس کنڈل ، ، ترقیاتی کمشنر ورکس سمیع عارف ، ڈائریکٹر ایس ڈی ڈی سدرشن کمار ، چیف انجینئر آر اینڈ بی کشمیر /جموں ، ڈائریکٹر فائنانس ، متعلقہ پرنسپل ، آئی ٹی آئی کے سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ متعلقہ ضلعی سطح کے افسران نے از خود اور ورچول موڈ میں میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران پولی ٹیکنک اور آئی ٹی آئی سیکٹرز کے تحت جاری مرکزی اسپانسر شدہ مختلف اسکیموں ، 18 نئی پولی ٹیکنک کے قیام ، نئی پولی ٹیکنک کی فزیکل اور مالیاتی صورتحال ، نئی پولی ٹیکنک میں مشینری اور آلات کی تنصیب کی صورتحال ، 4 پرانے پولی ٹیکنک اور جموں و کشمیر میں خواتین کے ہوسٹل کی تعمیر کی اپ گریڈیشن پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔مختلف جاری پروجیکٹوں کی فزیکل اور مالیاتی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ پولی ٹیکنک عمارتوں پر جاری کام کو بروقت مکمل کریں تا کہ طلباء کو نئی عمارتوں میں منتقل کیا جا سکے ۔ مشیر نے متعلقہ افسران سے یہ بھی کہا کہ وہ نئی تعمیر شدہ پولی ٹیکنک میں مشینری اور آلات کی تنصیب کیلئے مطلوبہ منصوبہ پیش کریں ۔ افسران سے فنڈز کے صحیح استعمال کیلئے پوچھتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ فنڈز کو تفویض کردہ کاموں پر استعمال کیا جائے اس کے علاوہ کام کے معیار کو ہر لحاظ سے برقرار رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی پر اس کی ذمہ داری طے کی جائے ۔ مشیر نے پولی ٹیکنک کے پرنسپلز کو مزید ہدایت دی کہ ہر پولی ٹیکنک میں تمام سیٹیں پُر ہونے کو یقینی بنائیں اس کے علاوہ پولی ٹیکنک میں داخلے کیلئے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو راغب کرنے کیلئے مناسب کونسلنگ کیمپ کا انعقاد کیا جائے ۔ میٹنگ کے دوران پرنسپل سیکرٹری ایس ڈی ڈی نے مشیر کو مختلف مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کے تحت مختلف پروجیکٹوں کی فزیکل اور مالی پیش رفت کے بارے میں بتایا ۔










