ٹرانسفارمر کی مرمت کے مناسب انتظام ، غیر شیڈول بجلی کی کٹوتی میں کمی کیلئے ہدایات جاری کیں
جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے موسم سرما کے دوران وادی کشمیر میں بجلی کی صورتحال کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ روہت کنسل ، ایم ڈی پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمٹیڈ اور تقسیم کشمیر بشارت قیوم ، پروجیکٹس کشمیر اور ٹرانسمیشن کشمیر کے چیف انجینئرز اور دیگر سینئر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی ۔ چیف سیکرٹری کو وادی کشمیر میں بجلی کی موجودہ صورتحال ، توانائی کی کھپت کو موجودہ انداز اور موسم سرما کے دوران مستقبل میں بجلی کی ضرورت کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ محکمہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے چیف سیکرٹری نے افسران کو سردیوں کے دوران ہموار بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مزید کوششیں کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے 30 نومبر 2021 تک تمام ٹرانسفارمرز کے معائینے کی ہدایت دی تا کہ ٹرانسفارمرز کی اچھی صحت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس کے علاوہ 15 دنوں کے اندر تمام ایچ ٹی /ایل ٹی فیوز کا بیک وقت معائینہ کیا جائے ۔ ڈاکٹر مہتا نے مزید ہدایات دیں کہ اوور لوڈنگ کی وجہ سے غیر شیڈول بجلی کی کٹوتی کو روکا جائے اور بجلی کی کٹوتی کو منظم کرنے کیلئے مناسب پروٹوکول تشکیل دیا جائے ۔ محکمہ کو یہ بھی ہدایت دی گئی کہ وہ مستقبل میں ٹیکسٹ میسنجر کے ذریعے بجلی کی بندش کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے امکانات تلاش کرے ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت کشمیر میں ایک متحرک موسم سرما کے سیاحتی موسم کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے قابل اعتماد بجلی کی فراہمی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔










