میرے بیٹے نے کوئی غلطی کی تواُسے معاف کیاجائے

میرے بیٹے نے کوئی غلطی کی تواُسے معاف کیاجائے

بیٹے کو سلاخوں کے پیچھے نہیں دیکھ سکتی،آگرہ میں گرفتار کشمیری طالب علم شوکت کی ماںکی فریاد

سری نگر//بانڈی پورہ ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک کشمیری طالب علم شوکت احمدگنائی کے اہل خانہ نے جمعہ کو سری نگرکی پریس کالونی میں پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنے بیٹے کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جسے اتر پردیش کے آگرہ میں مبینہ طور پر ہندوستان کے خلاف پاکستان کی ٹی20 کرکٹ میچ جیتنے کا جشن منانے کے الزام میں بغاوت کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق دیگر افرادخانہ کے ہمراہ پریس انکلیو سری نگر میں احتجاج اورفریادکرتے ہوئے گرفتار طالب علم شوکت احمدگنائی کی والدہ حفیظہ نے کہاکہ ہم ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور حکومت نے ہمارے بیٹے کو باہر کے کالج کالج میں پڑھنے میں مدد کی ہے۔فریادی ماںنے کہامیری حکومت سے اپیل ہے کہ اگر میرے کے بیٹے نے کوئی غلطی کی ہے تو اسے معاف کر دیں۔انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا میری واحد امید ہے اور میں اُسے سلاخوں کے پیچھے نہیں دیکھ سکتی۔ پریس انکلیو سری نگر میں احتجاج کرنے والے گرفتارطالب علم کے افرادخانہ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر مداخلت کریں اور انسانی بنیادوں پر ان کے بیٹے کی فوری رہائی کو یقینی بنائیں۔