Union MoS Agriculture & Farmers Welfare visits Fruit & Vegetable Mandi Agler Shopian

مرکزی وزیر مملکت کیلاش چودھری کا فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل اَگلر شوپیان کا دورہ

شوپیان//مرکزی وزیر مملکت زراعت اور بہبود کساناں کیلاش چودھری نے فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل منڈی اگلر شوپیان کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں فروٹ گروئورس ایسو سی ایشن ، ترقی پسند باغ مالکان اور کسانوں سے تبادلہ خیال کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان سچن کمار واشیا ، ایس ایس پی امرت پال سنگھ ، ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ پلاننگ وشیش مہاجن ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوپیان، مشتاق احمد سمنانی اور دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔صدر فروٹ گروئورس ایسو سی ایشن محمد امین نے مرکزی وزیر مملکت موصوف کو مسائل اور مطالبات گوش گزار کئے جن میں فلڈ پروٹیکشن وال، نیشنل ہائی وے سٹیٹس فار فروٹ منڈی وغیرہ شامل ہیں۔اُنہوں نے مرکزی وزیر موصوف کو جانکاری دی کہ فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل منڈ ی کم از کم 10,000 بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرتی ہے لیکن اسے مزید ترقی دینے کی ضرورت ہے ۔شر ی کیلاش چودھری نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شوپیان کے لوگوں میں شامل ہونے پر اِظہارِ تشکر کیا ۔ اُنہوں نے کشمیر کو زمین پر جنت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی والی حکومت بالخصوص پہاڑی ضلع شوپیان کی مجموعی ترقی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ باغ مالکان کی جانب سے پیش کردہ تمام درخواستوں ، مسائل اور شکایات کا نوٹس لیا گیا ہے اور اسے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ازالے کے لئے اُٹھایا جائے گا۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ پہاڑی سیاحت ، ایکو۔ سیاحت اور باغبانی سیاحت کو ترجیح دی جائے گی۔شری کیلاش چودھری نے کہا کہ باغات کو حالیہ برفباری او رژالہ باری سے جو نقصان ہوا ہے ،اس کے لئے ضلع ریونیو اَفسران کی ایک ٹیم تباہ شدہ سیب باغات کا سروے کرے گی اوراس کے بعد باغ مالکان کو نقصان کا معاوضہ دیا جائے گا۔اُنہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب لوگ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ دیہاتوں کو معیاری سڑکیں ملیں گی کیوں کہ یہ ایک مشکل کام تھا ۔ اُنہوں نے وزیر اعظم کے نظرئیے کو سراہا اور کہا کہ وہ اس مشکل کام کو مکمل کرنے کے لئے پُر عزم ہیں اور یہ ان کے نظرئیے اور کوششوں کی بدولت ہوا ہے کہ آج ضلع بھر میں سڑکیں بن رہی ہیں۔مرکزی وزیر مملکت نے ہمہ جہت مثبت ترقی اور دیہات کو بااِختیار بنانے میں سڑکوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اِس سے قبل مرکزی وزیر مملکت نے سرکٹ ہائوس شوپیان میں یوتھ کلب ممبران سے تبادلہ خیال کیا۔یوتھ ممبران نے متعدد مسائل اور مطالبات جلد اَز جلد ازالے کے لئے اُٹھائے اور مرکزی وزیر مملکت نے انہیں بغور سنا اور یقین دِلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے ہرممکن اقدام کیا جائے گا۔اُنہوں نے ضلع کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک مقامی طریقہ کار قائم کیا گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان ہی زندگی کے کسی بھی شعبے میں تبدیلی لاسکتے ہیں اور ان کی شمولیت کے بغیر تبدیلی لانا بالکل ناممکن ہے۔مرکزی وزیر مملکت کیلاش چودھری نے مزید کہا کہ یوتھ کلب ضروری ہیں او راُنہوں نے شوپیان کے نوجوانوں کو شامل کرنے اوراُنہیں ایک خوشحال ضلع کے استحکام اور پائیدار ترقی میں برابر کا حصہ دار بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت اور جموںوکشمیر یوٹی حکومت نوجوانوں کی شمولیت اور انہیں بااِختیار بنانے کے لئے ایک متحرک ذریعہ فراہم کر رہی ہے ۔ لہٰذا وقت کاتقاضا ہے کہ نوجوان آگے آئیں اور حکومت کی جانب سے شروع کی گئی سکیموں سے اِستفادہ حاصل کرنے کے لئے یونٹس قائم کریںتاکہ وہ خوشحال زندگی گزارنے کے قابل بن سکیں۔