An apple tree was damaged due to utimely snowfall in south Kashmir's Shopian district, as most places of Kashmir valley experienced a fresh light to moderate snowfall while plains lashed by incessant rains

حالیہ شدید برفباری سے جنوبی کشمیر کے میوہ باغات میں زبردست تباہی

نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے ،سروے مکمل ہونے کے بعد ہی اصل صورتحال سامنے آسکتی ہے :ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچر

سرینگر //سنیچر کے روز رواں موسم کی پہلی تباہ کن اور غیر متوقع برفباری نے جنوبی کشمیر کے شوپیان ،کولگام،پلوامہ اور انت ناگ اضلاع میں ہزاروں کنال اراضی پر پھیلے میواہ باغات میں زبردست تباہی مچادی اور متعدد دیہات میں درختان کی شاخیں مختلف حصوں میں تقسیم ہوکر زمین پر بکھر گئی ہیں تاہم اتوار کے روز شوپیان اور کولگام میں میواہ باغات کی تباہی دیکھ کر ہر طرف باغ مالکان کو چیخ وپکار کے عالم میں دیکھا گیا جبکہ بعض کئی علاقوں میں باغ مالکان اور فروٹ گروورسوں کو پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔دونوں اضلاع کے کئی درجن دیہات میں میواہ درخت میواہ سمت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں جس کے باعث باغ مالکان کو کروڑوں روپے کے نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے ۔اس دوران شوپیان اور کولگام کے درجنوں دیہات میں میواہ اتارنے کا کام مکمل نہیں کیا گیا تھا جبکہ بعض دیہات میں باغ مالکان نے میواہ اتار کر باغات میں ذخیرہ کر رکھا تھا لیکن شدید بارشوں اور برفباری کے باعث میواہ اور درختان کو تشویشناک حد تک نقصان پہنچا ہے ۔محکمہ باغبانی کا کہنا ہے کہ شدید برفباری سے سب سے زیادہ متاثر شوپیان اور کولگام اضلاع ہوئے ہیں جہاں پر 30فیصد سے زیادہ میوہ ابھی اتارنا باقی ہے۔ کولگام سے کے این ایس کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ کولگام کے درجنوں دیہات جن میں دیوسر،نورآباد،کنڈ، کولگام اورہوم شالی بگ،آونیورہ،یاری پورہ، فرصل، قاضی گنڈکے علاوہ داندواڑ ،نندی مرگ، سی ایس راتھر، چک ، ،اہربل،ٹنگمرگ، باڑی حالن ،یاری کھاہ ، منزگام ،کھوری بٹہ پورہ، آڑیجن، مالون، بانی مولہ، اکہال، برنل لامڑ،حالن، سوپٹ ٹنگہ پورہ، دیوسر،دردہ گنڈ،چوگام،اور علاقہ کنڈ کے علاقہ جات شامل ہیں میں حالیہ برفباری سے میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ادھر شوپیان سے نمائندے نے بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر سمیت ضلع کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں جمعہ شام سے ہی پہلے شدید بارشیں ہوئی اور بعد میں زبردست برفباری ہوئی جس کے باعث میواہ باغات میں زبردست تباہی ہوئی اور باغ مالکان کو کروڑوں روپے کے نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے ۔نمائندے کے مطابق سنیچر کے روز ضلع ہیڈکوارٹر پر 6انچ برف ریکارڈ کی گئی تاہم پادپاون ،ہرپورہ ،بوریہالن ،سیدھو ،چھوٹی پورہ ،چک شمشی پورہ ،جمنگری ،رامنگری کے ساتھ ساتھ تحصیل کیلر کے درجنوں دیہات میں ایک فٹ سے زائد برف ریکارڈ گئی جس دوران میواہ باغات کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔شوپیان ضلع میں 40 فیصدی باغات سے ابھی میواہ نہیں اتارا گیا تھا جس کی وجہ سے ان باغات میں زبردست نقصان ہوا اور میواہ درختان جڑ سے اکھڑ گئے ہیں جبکہ میواہ بھی تباہ ہوا ہے ۔ادھر حلقہ انتخاب وچی کے علاقہ جات میں بھی برفباری سے میواہ باغات کو نقصان ہوا ہے ۔اس بیچ پلوامہ اور انت ناگ سے نمائندوں نے اطلاع دی ہے کہ دونوں اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں برفباری سے میواہ باغات کو نقصان ہوا ہے اور متعدد علاقہ جات میں میواہ درختوں پر ہی تھا جس کی وجہ سے درختوں اور میواہ کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ۔اس دوران ڈائریکٹر جنرل ہاٹیکلچر اعجاز احمد بٹ نے کے این ایس کو بتایا کہ حالیہ برفباری سے میواہ باغات کو ہوئے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لئے ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے اور سروے مکمل ہونے کے بعد ہی اصل صورتحال سامنے آسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اتوار کے روز میں نے افسران کے ہمراہ کولگام اضلاع کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیا اور سنیچر کے روز میں شوپیان اور پلوامہ کا دورہ کیا ۔