سونہ مرگ//مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے زوجیلہ اور زیڈ موڑ ٹنلوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے اپنے دورے کے دوران کہا کہ ہمالیائی خطے میں وسیع سڑکوں کے نیٹ ورکس سے علاقے میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔وزیر نے میڈیا اَفرادسے خطاب کرتے ہوئے دو ٹنل منصوبوں کے بارے میں تفصیلی معلومات دی اوراُنہوں کہا کہ مرکزی حکومت نے نئی شاہراوں ، ٹنلوںاور پُلوں کی تعمیر کو ایک نیا حوصلہ دیا ہے جس سے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ زوجیلہ ٹنل پروجیکٹ لداخ یوٹی کو تمام موسمی رابطہ فراہم کرے گی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ زوجیلہ ٹنل پر کام مکمل صلاحیت میں ہے اور این ایچ آئی ڈی سی ایل سردیوں کے مہینوں میں بھی کام جاری رکھنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے اس منصوبے پر مقررہ تاریخ سے پہلے مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے پر زور دیا ۔ نتن گڈکری نے کام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زوجیلہ ٹنل جموں و کشمیر اور لداخ دونوں یو ٹی کیلئے ترقی اور سیاحت کیلئے خاصی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ سال بھر لداخ خطے کو رابطہ فراہم کرے گی ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ زوجیلہ سرنگ مکمل ہونے کے بعد ہندوستان کی سب سے لمبی سڑک ٹنل اور ایشیا کی سب سے لمبی دو طرفہ سرنگ ہو گی ۔ اس راستے پر کئی پُل تعمیر کئے جا رہے ہیں اور قومی شاہراہ 1 میں زیڈ موڑ سے زوجیلہ ٹنل تک جوڑنے والی سرنگ سونہ مرگ اور کرگل کے درمیان زوجیلہ گھاٹ میں تعمیر کی جائے گی ۔ انہوں نے ملک کی مختلف اہم ٹنلوں ، ریل اور سڑکوں کے منصوبوں کو مزید اُجاگر کیا جنہیں حکومت نے ترقی کے ساتھ ساتھ سرحدی سلامتی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا اوراُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مختلف انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں ۔ اِس سے قبل وزیر نے نیلگر سائٹ اور زیڈ موڑ سائٹ پر ٹنل 1 اور ٹنل 2 کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا ۔










