پلوامہ//جنوبی کشمیرکے ضلع پلوامہ میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات کے نتیجے میں 8دکانات اورایک دینی درسگاہ خاکستر ہوگیا جبکہ شعلوںکی لپیٹ میں آکر لاکھوں روپے مالیت کی املاک اورکاروباری سامان راکھ کے ڈھیروںمیں تبدیل ہوگیا ۔پلوامہ پولیس نے پاریگام گائوںمیں رونماہوئی آگ کی واردات کی مناسبت سے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ کے پاریگام گائوںکے مین بازارمیں جمعہ اورسنیچرکی درمیانی رات ایک دکان سے آگ نمودار ہوئی ۔مقامی لوگوںنے آگ پرقابو پانے کی کوشش کی جبکہ اس دوران فائراینڈایمرجنسی سروسز کوبھی مطلع کیا گیا۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ جب تک فائراینڈایمرجنسی سروسزکے اہلکار آگ بجھانے کی خصوصی گاڑیاں لیکر جائے واردات پرپہنچے ،تب تک دکان میں لگی آگ نے نزدیکی دکانات اورعمارات کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔انہوںنے کہاکہ آگ پرقابو پانے کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی بازارمیںواقع8دُکانات اورایک دینی درسگاہ کی عمارت مکمل طورپرخاکستر ہوچکی تھی ۔لوگوں نے بتایاکہ آگ کی اس ہولناک واردات میں کاروباری سامان سمیت خاکستر ہوئے دکانات میں ایک کامن سروس سینٹر ،ایک میڈیکل شاپ،ایک کریانہ دکان،جوتوں کا ایک دکان اورایک درسگاہ بھی شامل ہے ۔لوگوں کے بقول آگ کی اس واردات میں لاکھوں روپے مالیت کی املاک اورکاروباری سامان مکمل طورپرراکھ کے ڈھیربن گئے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ پاریگام پلوامہ میں جمعہ کورات دیرگئے بازارمیں آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے واردات پرپہنچ گئی جبکہ اس دوران فائراینڈایمرجنسی سروسزکوبھی مطلع کیا گیا ،اوراسکے اہلکار مخصوص گاڑیاں لیکر پاری گام پہنچے ۔انہوںنے بتایاکہ فائراینڈایمرجنسی سروسزکے اہلکاروںنے کافی مشقت کے بعدآگ پرقابو پالیا ۔ذرائع نے بتایاکہ اسبات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے کہ یہاں ایک دکان سے آگ کیسے نمودار ہوئی جبکہ اس واردات کی مناسبت سے پلوامہ پولیس نے کیس بھی درج کرلیا ۔










