متعدد وَفود اور اَفراد مشیر بصیر خان سے ملاقی

سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے سول سیکرٹریٹ میں متعدد وَفود اور اَفراد سے ملاقات کی ۔ وفود اور اَفراد نے مشیرموصوف کو اَپنے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔ کوکر بازار لالچوک کے پرانے کورٹ کے تاجروں کے ایک وفد نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مختلف مسائل گوش گزار کئے۔اُنہوںنے علاقے سے صدر کورٹ منتقل ہونے کی وجہ سے درپیش مسائل جس میں نکاسی آب نظام، رسائی سڑکوں اور تجارتی بیلٹ اوردیگر اَمور شامل ہیں،سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے مسائل کے حل میں مشیر موصوف کی مدد کی درخواست کی تاکہ معاشی سرگرمیوں کا سامنانہ ہو۔ مشیر نے انہیں ان کی جائز شکایات کا جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہائی کرائی۔تُجرشریف سے ایک اور وفد شاہد جیلانی کی قیادت میں مشیر موصوف سے ملاقی ہوا ۔اُنہوں نے آستانہ تُجر شریف اور اس سے ملحقہ علاقے سے متعلقہ مطالبات اُٹھائے۔اِسی طرح متعدد دیگر وَفود نے اَپنے اَپنے علاقوں سے متعلق عوامی اہمیت کے حامل مختلف اَمور اُٹھائے اور مشیر بصیر احمد خان کی مداخلت طلب کی۔اس کے علاوہ متعدد اَفراد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور مختلف اَپنے اِنفرادی معاملات گوش گزار کئے۔مشیر بصیر احمد خان نے وفود اور اَفراد کو بغور سنا اور اُن کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات اور اَمور کو جلد از جلد ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اُنہوں نے کہا کہ ان کے پیش کردہ اَمور کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔