سری نگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے بدھ کے روز پولیس افسر کی ہلاکت کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے جس کو گذشتہ شام نوگام سرینگر میں نامعلوم بندوق برداروں نے گولی مار دی۔ جے کے این ایس کے مطابق جاری ایک بیان میں الطاف بخاری نے اِس درد ناک حملہ کو دلدوز قرار دیتے ہوئے سوگواران ِ کنبہ کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تشدد کی کسی بھی مہذب سماج میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے حادثات نے جموں وکشمیر میں صورتحال کو صرف بد سے بدتر بنایاہے۔انہوں نے کہاکہ امن دشمن طاقتوں نے ہمیشہ معصوم لوگوں کی ہلاکتوں اور لہو سے لوگوں میں خوف وہراس کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ جموں وکشمیر نے اموات کے جاری اِس رقص کو اب بند ہونا چاہئے۔ میں اس حملہ کی پرزورمذمت کرتا ہوں اورمتقول پولیس انسپکٹر کے افراد خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہا رکرتاہوں۔ بخاری نے ایسے انسانیت سوز واقعات پر سخت برہمگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ متعدد کنبہ جات نے اس بے حس تشدد کی وجہ سے اپنے واحد کفیل کھوئے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت کو چاہئے کہ فوری طور متاثرہ کنبہ کے اہل خانہ کو ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے اور اِس بات کو یقینی بنایاجائے کہ مستقبل میں ایسے سنگین واقعات پیش نہ آئے۔ قصورواروں کی تلاش کر کے اُنہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔










