Air Chief Marshal Ashutosh Dixit

طلبہ تجسس برقرار رکھیں، ناکامی سے نہ گھبرائیں اور تحقیق و اختراع کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں

آج کے طلبہ ہی 2047 کے سائنسدان، انجینئر، خلا باز اور رہنما ہوں گے/ فضائیہ سربراہ

سرینگر / / این این بی // طلبہ پر بڑے خواب دیکھنے ، اپنے اندر تجسس کو زندہ رکھیں اور ہندوستان کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے کا زور دیتے ہوئے فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل آشو توش دکشت نے کہا کہ سال 2047میں آزادی کی صد سالہ تقریب تک ہندوستان کے سفر کی داستان آج کے طلبہ کی کوششوں، فیصلوں، عزم اور کامیابیوں سے لکھی جائے گی۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق فضائیہ سربراہ مارشل آشو توش دکشت اپنے مادردعلمی سٹی مونٹیسوری اسکول میں طلبہ سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے وگیان میلہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کو سائنس، تحقیق، اختراع، نظم و ضبط اور قومی تعمیر کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔1980 بیچ کے سابق طالب علم ایئر چیف مارشل آشو توش دکشت نے اپنے اسکول کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 1971میں راجندر نگر کیمپس میں منعقد ہونے والے پہلے وگیان میلہ میں بھی شرکت کی تھی۔انہوں نے کہا کہ پانچ دہائیوں سے زائد عرصے میں دنیا میں بہت بڑی تبدیلیاں آئی ہیں، ٹیکنالوجی نے غیر معمولی ترقی کی ہے، لیکن انسان کے اندر جاننے اور کچھ نیا دریافت کرنے کا جذبہ آج بھی اسی طرح زندہ ہے۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ اسکول صرف تعلیم حاصل کرنے کی جگہ نہیں بلکہ نوجوان ذہنوں کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی ایک بنیادی درسگاہ ہے۔ اسکول طلبہ کو تحقیق کرنے، نئے خیالات پیش کرنے، اختراعات کرنے اور اپنے تخیل کو عملی شکل دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ایئر چیف مارشل نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے آج سے 50 سال بعد موجودہ طلبہ پیچھے مڑ کر اسی وگیان میلے کو یاد کریں اور محسوس کریں کہ آج پیش کیے گئے خیالات میں سے کسی ایک نے مستقبل میں کوئی غیر معمولی کارنامہ انجام دینے کی بنیاد رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہر بڑی ایجاد اور کامیابی کے پیچھے ایک سوال، ایک تجسس اور کچھ نیا کرنے کی خواہش ہوتی ہے، اس لیے طلبہ کو سوال پوچھنے اور نئی چیزیں سیکھنے سے کبھی نہیں گھبرانا چاہیے۔اپنے اسکول کے دنوں سے حاصل کیے گئے پانچ اہم اسباق کا ذکر کرتے ہوئے آشو توش دکشت نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تجسس کو برقرار رکھیں، مضبوط بنیادیں قائم کریں، نظم و ضبط اور استقامت کو اپنائیں، ٹیم ورک کو اہمیت دیں اور تکنیکی ترقی کے مرکز میں انسانیت کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔انہوں نے کہا کہ جدید دور میں صرف تکنیکی مہارت کافی نہیں بلکہ انسانیت، ہمدردی اور معاشرے کی فلاح کا جذبہ بھی ضروری ہے۔ایئر چیف مارشل نے طلبہ کو کامیابی کے حوالے سے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا کہ زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کیلئے کوئی مختصر راستہ نہیں ہوتا۔ کامیابی مسلسل محنت، نظم و ضبط، صبر اور عزم کا نتیجہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ناکامی کامیابی کی ضد نہیں بلکہ اکثر کامیابی کی جانب سفر کا ایک اہم مرحلہ ہوتی ہے۔طلبہ کو ناکامی سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اس سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور نئی توانائی کے ساتھ دوبارہ کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور آنے والی نسلوں کے پاس ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ ٹیکنالوجی کا مقصد صرف ترقی اور طاقت حاصل کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے انسانی ترقی، فلاح اور معاشرے کی بہتری کا ذریعہ بننا چاہیے۔طلبہ کو انسانی اقدار کی اہمیت کا احساس دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علم اور ٹیکنالوجی اس وقت تک مکمل نہیں ہو سکتے جب تک ان کے ساتھ ہمدردی اور انسانیت کا جذبہ موجود نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کی دریافتیں اور اختراعات انسانوں کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے استعمال ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا 2047 تک کا سفر آج کے نوجوان ذہنوں کی صلاحیتوں سے تشکیل پائے گا۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ اپنے خوابوں کو محدود نہ کریں اور ملک کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے علم، سائنس، ٹیکنالوجی اور انسانیت کو اپنا راستہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے کہ آج وگیان میلے میں موجود یہی نوجوان کل ہندوستان کے خلائی خوابوں کو حقیقت میں بدلنے والے افراد میں شامل ہوں۔